Chitral Times

وزیر تعلیم نے کوہستان اورچترال کے خراب سکولوں کے بارے رپورٹ طلب کرلی

Posted on

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ)خیبر پختو نخوا کے وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے ایجوکیشن حکام سے کوہستان اور چترال کے خراب سکولوں کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی۔وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے ہنگامی بنیادوں پر کوہستان اور چترال کے خراب سکولوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے ایجوکیشن حکام سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ سکولوں میں اساتذہ خواتین اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے واک ان انٹرویو اشتہار شائع کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے انہوں نے کہا کہ کوہستان اور چترال کے اضلاع میں سکولوں کی کمی پوری کرنے، سکولوں کی حالت بہتر بنانے اور اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ وہ کوہستان اور چترال اضلاع کے تعلیمی بہتری کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے سیکرٹری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری، کو ہستان اور چترال کے ممبران صوبائی اسمبلی، چیف پلاننگ آفیسر، ڈسٹرکٹ کوہستان اور چترال کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
.
اکبر ایوب خان نے کہا کہ کوہستان کو سپیشل پیکیج اور بجٹ دیا جائے گا اور ان منصوبوں کو آے ڈی پی میں شامل کیا جائیگا جبکہ خواتین اساتذہ کی رہائش کے مسائل کو ختم کرنے کے لیے ضلعی حکومت کی مشاورت سے ان کے رہائش کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔ جبکہ ڈاکٹروں کے طرز پر ان اضلاع کے اساتذہ کو رولز اور قانون کے مطابق اسپیشل پیکیج بھی زیر غور ہیں انہوں نے کہا کہ کوہستان اور دوسرے کم خواندہ اضلاع میں تعلیم کی بہتری اور ڈراپ آؤٹ ریشیو پر قابو پانے کے لیے طلباء کو بھی اسپیشل وظیفہ دیا جائے گا جبکہ کوہستان کے اضلاع میں تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد کوہستان کے بارے میں مہینے میں ایک میٹنگ رکھی جائے گی۔ انہوں نے ایجوکیشن حکام اور متعلقہ ضلعی حکومتوں کو ہدایت جاری کی کہ سکولوں کی مانیٹرنگ کرنے اور سہولیات کی فراہمی کے لئے ان کے ملازمین کی گاڑیوں کی فراہمی کے مسائل فوراً حل کیے جائے جبکہ ان اضلاع میں تعینات ایجوکیشن عملہ لازمی ایک سال ادھر گزاریں گے۔ وزیر تعلیم نے یہ بھی ہدایت جاری کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں نئے سکولوں کی تعمیر کیلئے فوراً زمین خریدی جائے اور سکولوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ زمین کی خریداری کے پیسے بھی بجٹ میں رکھی جائیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
33068