آغا خان ایجوکیشن سروس چترال کے زیرِ اہتمام میرٹ سائٹیشن تقریب 2025ء، نمایاں پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو اعزازات سے نوازا گیا
آغا خان ایجوکیشن سروس چترال کے زیرِ اہتمام میرٹ سائٹیشن تقریب 2025ء، نمایاں پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو اعزازات سے نوازا گیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان (چترال) کے زیرِ اہتمام “میرٹ سائٹیشن تقریب 2025ء” اتوار کے روز آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول، چترال میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا مقصد اُن طلباء و طالبات کی علمی و تعلیمی کاوشوں کو سراہنا تھا جنہوں نے آغا خان یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے سالانہ امتحانات 2025ء میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، نیز اُن اساتذہ اور منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جن کی محنت و رہنمائی سے یہ کامیابیاں ممکن ہوئیں۔
اس موقع پر آغا خان ایجوکیشن سروس سے وابستہ طلباء و طالبات کی غیر معمولی کامیابیوں کا اعتراف کیا گیا۔ آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول کوراغ کے آٹھ اور چترال کے دس طلباء و طالبات نے سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشنز حاصل کیں، جبکہ چترال سے 30، کوراغ سے 22 اور چپاڑی سے ایک طالبہ کو مختلف مضامین میں امتیازی کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا۔ ان قابلِ فخر طلباء و طالبات کو اُن کے والدین، اساتذہ اور معزز مہمانوں کی موجودگی میں اعزازی شیلڈز اور اسناد پیش کی گئیں۔
تقریب کے آغاز میں گلگت بلتستان و چترال ریجن کے جنرل منیجر بریگیڈیئر (ر) خوش محمد خان نے ادارے کی جانب سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ انہوں نے کامیاب طلباء کے نتائج، آئندہ کے منصوبوں اور آغا خان ایجوکیشن سروس کی معیاری تعلیم کے فروغ میں مستقل وابستگی پر روشنی ڈالی۔
مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ محمد ہاشم عظیم نے اپنے خطاب میں محنت، استقلال اور عزم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اُن طلباء کی بھی حوصلہ افزائی کی جو نمایاں پوزیشن حاصل نہ کر سکے مگر کامیابی کے جذبے سے سرشار ہیں۔
جامعہ چترال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضراللہ نے صدارتی خطاب میں کہا کہ حقیقی کامیابی صرف نمبروں میں نہیں بلکہ اچھی عادات، اخلاقی تربیت اور ہمہ جہت ترقی میں پوشیدہ ہے۔
نامور محقق و دانشور ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی (تمغۂ امتیاز) نے کلیدی خطاب میں علم دوستی، محنت اور بلند حوصلے کی ضرورت پر زور دیا اور آغا خان ایجوکیشن سروس کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا، جو چترال میں معیاری تعلیم اور ہمہ گیر تربیت کے فروغ میں سرگرمِ عمل ہے۔
آغا خان ایجوکیشن سروس کے چیف ایگزیکٹو افسر امتیاز مومن نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے طلباء و اساتذہ کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے ادارے کی پالیسی، وسعت اور ہمہ جہت تعلیم کے عزم کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آغا خان اسکول نصابی تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں اور عملی زندگی کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہیں۔سی ای او نے طلباو طالبات کی شاندار کامیابی کو ٹیم ورک کے ساتھ ادارے کی بہترین منیجمنٹ ، اساتذہ اور خصوصی طور پر جنرل منیجر برگیڈیرریٹائرڈ خوش محمد کی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا،
تقریب کے دوران طلباء و فارغ التحصیل طلباء نے بالمشافہ گفتگو اور ویڈیو پیغامات کے ذریعے اپنے تعلیمی تجربات، تاثرات اور کامیابیوں کی داستانیں پیش کیں۔ آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول چترال کے موسیقی کلب نے علامہ اقبال کے کلام کو کھوار موسیقی کے آہنگ میں پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ آغا خان ایجوکیشن سروس اپنے طلباء کی ہمہ گیر تربیت کے لیے معیاری نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ شخصیت کی تعمیر، پیشہ ورانہ رہنمائی اور زندگی کے عملی تقاضوں کی تیاری پر بھی توجہ دیتی ہے۔ ہر گزرتے سال کے ساتھ ادارے کے امتحانی نتائج میں نمایاں بہتری آ رہی ہے، اور رواں سال 87 فیصد طلباء نے اعلیٰ گریڈز حاصل کیے، جو معیاری تعلیم اور مسلسل ترقی کا واضح ثبوت ہے۔
آغا خان اسکولوں کے فارغ التحصیل طلباء اب نہ صرف پاکستان کی معروف جامعات بلکہ بیرونِ ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں بھی داخلہ حاصل کر رہے ہیں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
تقریب میں سرکاری اداروں کے نمائندگان، اہلِ دانش، اے کے ڈی این کے عہدیداران، والدین اور طلباء بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ یہ تقریب دراصل اُن تمام باصلاحیت طلباء کے اعتراف اور اعزاز میں منعقد ہوئی جنہوں نے اپنی محنت، لگن اور صلاحیتوں سے اپنے والدین، اساتذہ اور ادارے کا نام روشن کیا۔




















