Chitral Times

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان سے متعلق  اہم اجلاس

Posted on

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان سے متعلق  اہم اجلاس

پشاور ( چترال ٹایمزرپورٹ ) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اسے بہتر بنانے کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور و خوض کیا گیا ۔ نگران وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری داخلہ عابد مجید ، سیکرٹری اطلاعات مختیار احمد ، کمشنر پشاور محمد زبیر ، سی سی پی او پشاور اعجا ز خان اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی تازہ صورتحال ، دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس خصوصاً سی ٹی ڈی کے اقدامات اور دیگر اُمور پر تفصیلی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ رواں سال اب تک صوبے میں دہشت گردی کے چھوٹے بڑے 140 واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔مزید بتایا گیا کہ اسی دوران پولیس کی بروقت کاروائی کے نتیجے میں دہشت گردی کے درجنوں منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ہے ۔

 

اجلاس میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں ، موٹرسائیکلوں اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز اور پولیس کو مل کر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی گئی ۔ نگرا ن وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے مختلف اضلاع میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو پولیس پر حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کیلئے مزید متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں اقلیتی برادری کے لوگوںپر حملوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں تحفظ فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا نگران حکومت کی اولین ترجیح اور سب سے اہم ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرے گی ۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال میں غیر معمولی اقدامات اور مربوط لائحہ عمل کی ضرورت ہے ۔ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں اور پوری قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے ۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پولیس اہلکاروں کو دہشت گردحملوں سے محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اور جدید آلات فراہم کئے جائیں ۔

 

 

 

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے خیبر میڈیکل کالج کے سابقہ پرنسپل اور معروف معالج ڈاکٹر سراج الدین احمد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے ۔
یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماند گان کے لئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے ۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
73273

صوبے میں امن و امان حوالے وزیراعلیٰ کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس

صوبے میں امن و امان حوالے وزیراعلیٰ کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) امن و امان سے متعلق صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جمعہ کے روز منعقد ہوا جس میں پڑوسی ملک افغانستان کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں صوبے کے امن و امان سے متعلق اُمورکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں افغانستان کی بدلتی صورتحال کے صوبے پر پڑنے والے متوقع اثرات اور اُن سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے لائحہ عمل اور تیاریوں پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزراءکے علاوہ چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، ڈویژنل کمشنرز ، ریجنل پولیس افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ پولیس کے اعلیٰ حکام کی طرف سے اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی اور تازہ صورتحال ، آنے والے دنوں میں متوقع چیلنجز ، اُن سے نمٹنے کیلئے پولیس کی تیاریوں، درکار ضروریات اور دیگر متعلقہ اُمورکے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔


صوبائی کابینہ نے کسی بھی متوقع صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے سلسلے میں پولیس اور اس کے ذیلی اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے پولیس کو درکار تمام مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پولیس کے موجودہ وسائل کو بہتر اور موثر انداز میں استعمال میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران کو نچلی سطح پر پولیسینگ کے نظام کو بہتر بنانے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے اور اپنے متعلقہ ریجن میں امن و امان کی صورتحال کوبرقرار رکھنے کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ۔


کابینہ نے پولیس کو تمام خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل جلد شروع کرنے اور درکار آلات کی خریداری کیلئے ترجیحات کا تعین کرنے کی ہدایت کی ۔ کابینہ نے صوبے میں امن و امان کے سلسلے میں پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے ، خیبرپختونخوا پولیس نے مشکل اوقات میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی صوبے کے عوام اور حکومت کی توقعات پر پورا اُترے گی ۔
اجلاس کے شرکاءسے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے موجودہ صورتحال میں پولیس کی پیشگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں،پولیس کی ضروریات کا بھر پور خیال رکھاجائے گا، ان کی تمام تر ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی اور اس سلسلے میں وسائل کی کمی کو کسی صورت آڑے آنے نہیں دیا جائے گا تاکہ اسے کسی بھی صورتحال سے موثر اندازمیں نمٹنے کیلئے ہر لحاظ سے تیار کیا جا سکے ۔ اُنہوںنے کہاکہ لوگوں کا تحفظ اور صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور حکومت کسی صورت اپنی اس اہم ذمہ داری سے غافل نہیں ۔
<><><><><><>

صوبے میں امن و امان
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , , , , ,
50449