Chitral Times

سیلاب سے متاثرہ اضلاع  میں مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کے سروے کے لئے موبائل اپلیکیشن تیار سیلاب سے متاثرہ گھروں کے سروے 15 ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری

سیلاب سے متاثرہ اضلاع  میں مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کے سروے کے لئے موبائل اپلیکیشن تیار
سیلاب سے متاثرہ گھروں کے سروے 15 ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا

شفاف طریقے سے گھروں کے معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹر شہزاد خان بنگش

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کے سروے کے لئے موبائل اپلیکیشن تیار کر لی ہے۔ اس ضمن میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پاک آرمی اور این ڈی ایم اے کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر پی ایم آر یو نے اجلاس کو بتایا کہ متاثرہ مکانات کے سروے کے لئے اپلیکیشن خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ نے تیار کی ہے۔ جس کے لئے متعلقہ اہلکاروں کو ماسٹر ٹریننگ آئی ٹی بورڈ دے رہا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ گھروں کے سروے 15 ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔ سروے کی تکمیل کے بعد تباہ شدہ گھروں کے معاوضے بینک آف خیبر کے ذریعے ادا کئے جائیں گے۔ پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ابتدائی تخمینہ کے مطابق سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں کل 91ہزار 456گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ 37ہزار 523 گھروں کو مکمل جبکہ 53ہزار 933کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مکمل تباہ شدہ گھر کے لئے چار لاکھ روپے جبکہ مکان کو جزوی نقصان کی صورت میں ایک لاکھ 60 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز متاثرہ گھروں کے سروے پر پیش رفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں اور سروے مقررہ وقت میں مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف طریقے سے گھروں کے معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

 

 

خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کی جانب سے صوبائی پلاننگ سروسز آفیسرز کی آسامیوں کے لئے منعقدہ مقابلے کے امتحان کے نتائج کا اعلان

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن نے صوبائی پلاننگ سروسز آفیسرز (بی ایس. 17) کی آسامیوں کے لئے 22 تا 25 مارچ 2022 کو منعقدہ مقابلے کے امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق امتحان میں حصہ لینے والے 2781 امیدواروں میں سے مجموعی طور پر 368 امیدواروں نے امتحان کے تحریری حصے میں کامیابی حاصل کی۔ فیل شدہ امیدواروں کی ڈی ایم سیز کمیشن کی ویب سائٹ www.kppsc.gov.pk پر دستیاب ہیں، واضح رہے کہ مذکورہ آسامیوں کے لئے کمیشن کو 10733 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں، اس امر کا اعلان کنٹرولر امتحانات خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کی جانب سے کیا گیا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
65814

سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 300 سے زائد زچہ و بچہ میڈیکل کیمپس کا انعقاد، کیمپس میں سیفٹی کٹس مہیا، پندرہ ہزار حاملہ خواتین کی سکریننگ مکمل، سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 20 ہزار زچگیاں متوقع: ترجمان محکمہ صحت

سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 300 سے زائد زچہ و بچہ میڈیکل کیمپس کا انعقاد، کیمپس میں سیفٹی کٹس مہیا، پندرہ ہزار حاملہ خواتین کی سکریننگ مکمل، سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 20 ہزار زچگیاں متوقع: ترجمان محکمہ صحت حکومت خیبرپختونخوا

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ صحت خیبر پختونخوانے صوبے میں سیلاب سے متاثرہ 13 اضلاع میں سیلاب متاثرین کیلئے خصوصی زچہ و بچہ میڈیکل کیمپس قائم کئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق سوات، چترال کے دور دراز علاقوں سے لیکر ٹانک ڈی آئی خان سمیت لوئر کوہستان و دیگر متاثرہ اضلاع میں ماں وبچے کی صحت کی دیکھ بال کیلئے اب تک تین سو سے زائد میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ ان کیمپس میں نیو بارن اور سیفٹی کٹس مہیا کی گئی ہیں جبکہ تمام ضروری ادویات کی مفت فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق 25 ہزار سے زائد حاملہ خواتین سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں جبکہ ان میڈیکل کیمپس میں اب تک پندرہ ہزار حاملہ خواتین کی سکریننگ کی گئی ہے۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 20 ہزار زچگیاں متوقع ہیں۔ متاثرین میں زچہ و بچہ کیسز کی مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق میڈیکل کیمپس میں سکریننگ کی شرح کم ہورہی ہے جبکہ مراکز صحت میں لوگوں کا جانا بڑھ رہا ہے جسکا مطلب ہے کہ سیلاب کی وجہ سے بے گھر افراد اپنے علاقوں میں لوٹنا شروع ہوگئے ہیں جبکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں مراکز صحت میں سہولیات کی بحالی بھی کافی حد تک ممکن ہوگئی ہے۔ ترجمان کے مطابق سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں مراکز صحت کی صورتحال جانچنے کیلئے ریپڈ اسسمنٹ جلد مکمل ہوجائے گا جس کے بعد ان مراکز صحت کو جُزوی یا مکمل طور پر بحالی کا کام شروع ہوگا جبکہ بہت سے علاقوں سے پانی اُترنے کے بعد حالات معمول پر آگئے ہیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
65818