Chitral Times

سرتاج احمد کی کمشنرملاکنڈ سے ملاقات، چترال کے چیدہ مسائل کے حل کی یقین دہانی

سوات(چترال ٹائمز رپورٹ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام شاہ سے فیڈریشن آ ف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان اورجنرل باڈی ممبر محمد وزیر خان نے چترال ارندو اور شاہ سلیم باڈر کھولنے، چترال کی معاشی و صنعتی ترقی اورملاکنڈ ڈویژن میں اکنامک زون کے قیام کے حوالہ سے تفصیلی ملاقات کی۔

کمشنرملاکنڈ ظہیرالاسلام نے وفد کو ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کے معیار زندگی بہتر کرنے کے لئے سرمایہ کاری کے فروغ، وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ملنے والے چترال کے باڈر سٹیشن ارندو اور شاہ سلیم جلد کھولنے، چترال سپیشل اکنامک زون کا افتتاح کرنے، چترال چیمبرکے بلڈنگ بنانے کے لئے فنڈ ریلیز کرنے ،دروش ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر تعیناتی، ملاکنڈ ڈویژن میں نئے اکنامک زون کے قیام اور دیر چیمبرآف کامرس کے لئے پلاٹ دینے کیلئے اپنی طرف سے ہرممکن تعاون اور کوششوں کی یقین دہانی کی۔،

کمشنر ملاکنڈ 22 دسمبرکو چترال میں کھلی کچہری منعقد کریگا۔ اجلاس میں سرتاج احمد خان نے کمشنر ملاکنڈ کو نئے اکنامک زون کے قیام اور چترال کے معاشی وصنعتی کانفرنس سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سے ارندو اور شاہ سلیم باڈر جلد کھولنے جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا جس پر کمشنر ملاکنڈ نے بزنس کمیونٹی کے ہر ممکن مدد اور جائز مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کی اجلاس میں چترال کی معاشی وصنعتی کانفرنس کو کامیاب بنانے کے ساتھ چترال سپیشل اکنامک زون کا وزیراعلیٰ کے ہاتھوں جلد افتتاح کا فیصلہ بھی کیاگیاجبکہ موقع پر دروش ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر تعینات کرنے کےلئے کمشنر نے سیکرٹری ہیلتھ سے رابطہ کیا۔ سرتاج احمد خان نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
43578