The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 10 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

مقدمہ شندور، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور نیشنل ایکشن پلان ۔ تحریر: سرور کمال

Chitral Times

مقدمہ شندور، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور نیشنل ایکشن پلان ۔ تحریر: سرور کمال

مقدمہ شندور، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور نیشنل ایکشن پلان ۔ تحریر: سرور کمال

مقدمہ شندور، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور نیشنل ایکشن پلان ۔ تحریر: سرور کمال

۔

ہم سب کے علم میں ہے کہ پاکستان کا ازلی حریف بھارت براہِ راست مقابلے کے بجائے مختلف محاذوں پر بالواسطہ دباؤ، پراکسی وار اور داخلی انتشار کے حربے استعمال کرتا رہا ہے۔ اس تناظر میں قومی سلامتی، علاقائی شناخت اور تاریخی ورثے سے جڑے معاملات غیر معمولی اہمیت اختیار کر جاتے ہیں۔

شندور ہمارے لیے محض زمین کا ایک ٹکڑا، چراگاہ یا پولو کا میدان نہیں، بلکہ یہ صدیوں پر محیط چترال کی تاریخ، ثقافت، روایات اور قومی شناخت کی علامت ہے۔ زندہ اور باوقار قومیں اپنی شناخت، عزت اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتی ہیں۔

گزشتہ ایک دہائی سے شندور کی ملکیت کے حوالے سے گلگت بلتستان کی جانب سے وقتاً فوقتاً سامنے آنے والے دعوے ہمارے لیے تشویش کا باعث رہے ہیں۔ ایک طرف جہاں قومی مفادات کے حوالے سے مختلف نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں، وہیں دوسری طرف ایسے معاملات میں ہماری اجتماعی سیاسی بصیرت، شعور، دوراندیشی اور قومی غیرت کا بھی امتحان لیا جا رہا ہے۔

اللہ بھلا کرے ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی صاحب کا، جنہوں نے تن تنہا اپنے قلم، تاریخی شعور اور تحقیقی صلاحیتوں کے ذریعے مقدمہ شندور کو جس مدلل، خوبصورت اور مؤثر انداز میں پیش کیا ہے، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ انگریز دور کی مستند تاریخی دستاویزات اور حوالہ جات کی روشنی میں انہوں نے چترال کا مقدمہ جس مضبوطی سے پیش کیا، وہ ایک ناقابلِ فراموش قومی خدمت ہے۔ اگر ڈاکٹر صاحب اس محاذ پر اپنا کردار ادا نہ کرتے تو غالب امکان تھا کہ شندور کے تاریخی اور قانونی مؤقف کو وہ توجہ اور مضبوطی نہ مل پاتی جو آج حاصل ہے۔ چترال ان کی اس علمی و قومی خدمت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

افسوس ناک امر یہ ہے کہ اس معاملے پر چترال کی بیشتر سیاسی جماعتوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ ان کی خاموشی اور عدم دلچسپی نے ایک اہم قومی و علاقائی مسئلے کو انفرادی کوششوں تک محدود کر دیا ہے۔ مجھے اس سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی سے کچھ امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ تاریخی شناخت اور قومی حقوق کے اس معاملے کو سنجیدگی سے اٹھائے گی۔ دوسری جانب چترال پولو ایسوسی ایشن کی خاموشی بھی سمجھ سے بالاتر ہے، حالانکہ شندور کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کا سب سے نمایاں حوالہ پولو ہی ہے۔

ذاتی طور پر میں زندگی میں کبھی شندور نہیں گیا، لیکن اس کے حوالے سے سامنے آنے والے حالات و واقعات اور اجتماعی بے حسی کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی صاحب کی علمی جدوجہد سے متاثر ہو کر میں نے بھی اپنی بساط کے مطابق قلم کے ذریعے مقدمہ شندور کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ 2021ء میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے سرکاری فیس بک پیج پر ایک ایسی گمراہ کن پوسٹ شائع کی گئی جس سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ شندور گلگت بلتستان کا حصہ ہے۔

اس پوسٹ کے خلاف میں نے  مقامی اخبار میں “PTDC Damaging Fabric of National Unity” کے عنوان سے ایک مضمون تحریر کیا، جس میں اپنے تحفظات، خدشات اور شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ یہ تحریر میں نے اس وقت کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، صوبائی وزیر عاطف خان، محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا اور آئی ایس پی آر کے ساتھ بھی شیئر کی۔ الحمدللہ، تقریباً دو گھنٹوں کے اندر مذکورہ پوسٹ PTDC کے سرکاری فیس بک پیج سے حذف کر دی گئی۔

یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ذمہ دار شہری حقائق اور دلیل کے ساتھ اپنا مؤقف متعلقہ اداروں تک پہنچائیں تو مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اس موقع پر میں پاکستان کے متعلقہ سکیورٹی اداروں اور قومی سلامتی کے ذمہ داران سے مؤدبانہ گزارش کرتا ہوں کہ وہ 20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان کے نکات 5 اور 13 کا خصوصی مطالعہ کریں اور ان پر ان کی حقیقی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنائیں۔ قومی بیانیے، داخلی سلامتی اور قومی یکجہتی کے تحفظ سے متعلق ان نکات کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے تو ایسے گمراہ کن بیانیوں اور متنازع دعوؤں کو بروقت روکا جا سکتا ہے جو قومی وحدت اور علاقائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

شندور صرف چترال کی شناخت نہیں، بلکہ پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور قومی ورثے کا حصہ ہے۔ اس کے تحفظ کے لیے سیاسی قیادت، سول سوسائٹی، متعلقہ اداروں اور عوام کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

شندور کے مقدمے کو شخصیات کی انفرادی جدوجہد کے بجائے ایک اجتماعی قومی جدوجہد بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔