انتقال پُرملال، اپر چترال بونی کی معروف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیت افضل علی سپرد خاک
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) چترال بونی کے معروف سیاسی ، سماجی اورمذہبی شخصیت ، اور زوندرے برادری چترال کے معزز بزرگ رہنما افضل علی المعروف (سیکرٹری ) بونی میں بقضائے الہی انتقال گئے ۔ ان کی نماز جنازہ بروز پیر ایک بجے بونی میں ادا کرنے کے بعد سپردخاک کیا گیا ۔ مرحوم افضل علی نے چترال سے اپنے ابتدائی تعلیم کا آغاز کیا ۔ لیکن ناموافق حالات کے باعث تعلیم جاری نہ رکھ سکے ۔ اور مزید تعلیم حاصل کرنے کیلئے چترال سے متحدہ ہندوستان کے شہر بمبئی چلے گئے ۔ جہاں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد چترال واپس آکر چترال میں علم کی روشنی پھیلانے کے ساتھ ساتھ اسماعیلی کمیونٹی کے مذہبی پیشوا ہز ہائینس پرنس کریم آغا خا ن کے سیکرٹری مقر ر ہوئے ۔ اور اسماعیلی کونسلوں کے قیام ،انہیں منظم کرنے اور ہز ہائینس کے جملہ امور کے نگران رہے ۔
انہوں نے چترال کی سیاست میں بھی حصہ لیا اور دو مرتبہ الیکشن میں بھی قسمت آزمائی کی ۔ چترال میں مختلف کمیونٹی کے لوگوں کی آپس میں یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دینےمیں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ۔ اور مختلف مذہبی اور سیاسی قائدین سے ان کا قریبی تعلق رہا ۔ وہ نرم مزاج زیرک شخصیت کے مالک تھے ۔ اور زوندرے برادری کے بڑوں میں شمار ہوتے تھے ۔ تاہم گذشتہ کئی سالوں سے صحت کے مسائل کی وجہ سے آپ گوشہ نشینی کی زندگی گزار رہے تھے ۔ آپ نے بھر پور زندگی گزاری ۔ اور تقریبا92 سال کی عمر میں وفات پائی ۔
آپ امجد علی ، ارشد علی کے والد گرامی ، سیاہ گوش علی کے بڑے بھائی ، شجاعت علی کے چچا، مرحوم ی ایم جی سردارعلی ،افسر علی اور حاکم علی ایڈوکیٹ کے چچازاد بھائی تھے ۔ جنازے میں سیاسی قائدین ،سرکاری آفیسران ، علاقائی عمائدین اور مختلف مقامات سے برادری کے افراد نے شرکت کی ۔ ان کو آبائی قبرستان بونی میں سپرد خاک کیا گیا ۔
