صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی خیبرپختونخوا نے چترال پائین میں ارندو میرکھنی کی سڑک کی تعمیر نو سمیت صوبے کی ترقی کے لیے 110 ارب روپے لاگت کے 62 منصوبوں کی منظوری دیدی
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی خیبرپختونخوا نے صوبے کی ترقی کے لیے 110 ارب روپے لاگت کے 62 منصوبوں کی منظوری دیدی یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ ترقی و منصوبہ سازی خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت جمعہ کے روز پی ڈی ڈبلیو پی کے منعقدہ اجلاس میں دی گئی۔اجلاس میں پی ڈی ڈبلیو پی کے اراکین اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی ترقی کے لئے آبپاشی، آبنوشی، سی اینڈ ڈبلیو، اعلیٰ تعلیم، خوراک اور زراعت کے شعبوں سے متعلق منصوبوں کی منظوریاں دی گئیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات پر صوبے کی یکساں ترقی کیلئے متعدد اضلاع کیلئے الگ الگ ڈسٹرکٹ ڈویلیپمنٹ پلانز کے منصوبے منظور ہوئے۔منصوبوں کے تحت متعدد اضلاع میں تعلیم و صحت کے سہولیات کی بحالی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، آبپاشی اور زراعت وغیرہ پر کام کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آبپاشی کے شعبے میں ضلع سوات کیلئے چپریال، بیدرہ، شوخدرہ، دروش خیلہ، باز خیلہ، سخرہ اور ملحقہ علاقوں میں آبپاشی، کراسنگ کی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و بہتری جبکہ ضلع خیبر جبہ ڈیم تعمیر کے منصوبے کے اثرات کو بہتر کرنا، اضلاع چترال، سوات، اپر اور لوئر دیر، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، تورغر، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان، خیبر، باجوڑ، مہمند، اورکزئی، کرم، شمالی اور جنوبی وزیرستان کے لئے ڈویلپمنٹ پلانز جبکہ حسن خیل، درہ آدم خیل، وزیر، بیٹنی، درہ زیندہ اور جنڈولہ کیلئے سب ڈویژنل ڈویلپمنٹ پلانز کی منظوری دی گئی جبکہ زراعت کے شعبے میں غربت کے خاتمے کیلئے ضم شدہ علاقوں میں دودھ اور گوشت کی قدر کے سلسلے کو بڑھانا، خیبر پختونخوا میں کلیمیٹ سمارٹ اور موثر مشینی کاشتکاری کے طریقوں کے فروغ کے ذریعے پائیدار پیداواری صلاحیت میں اضافہ، مٹی اور پانی کے تحفظ میں بہتری کے ذریعے زرعی زمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ، انٹیگریٹڈ لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ پروگرام خیبر پختونخوا کی منظوریاں دی گئیں اسی طرح سڑکوں کے شعبے میں اپر سوات اور تحصیل کبل میں سڑکوں، پلوں اور کلورٹس کی تعمیر،بحالی، کشادگی اور بہتری، ضلع کرم داوتوئی سے حیدر کنڈو تک 28 کلومیٹر سڑک کی تعمیر، ضلع چترال پائین میں ارندو مرکانی کی سڑک کی تعمیر نو، بحالی اور بہتری، اعلیٰ تعلیم میں قابل ذکر منصوبہ تحصیل برنگ ضلع باجوڑ، اعظم ورسک جنوبی وزیرستان، محسود ایریا جنوبی وزیرستان، شاوا شمالی وزیرستان اور لنڈی کوتل خیبر میں 5 گورنمنٹ گرلز ڈگری کالجز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
عالمی بینک خیبرپختونخوامیں 245میگاواٹ کے2 توانائی منصوبے شروع کرے گا
بجلی کی پیداوارسے صوبے کو سالانہ 13ارب آمدن اورروزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے،سیکرٹری توانائی کواعلیٰ سطحی اجلاس میں بریفنگ
پشاو ر(چترال ٹائمز رپورٹ) عالمی بینک رواں سال ضلع سوات میں 245میگاواٹ کے 2پن بجلی منصوبے شروع کرے گاجن کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 13ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی۔توانائی کے ان منصوبوں سے ایک طرف صوبے میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی تودوسری طرف روزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے۔ اس سلسلے میں عالمی بینک کے سینئرانرجی سپیشلسٹ محمدثاقب کی قیادت میں عالمی بینک کے مشن نے سیکرٹری توانائی وبرقیات سید امتیازحسین شاہ سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدکیا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان،KHREپروگرام کے چیف انجینئرشاہ حسین،پراجیکٹ ڈائریکٹرگبرال کالام پاورپراجیکٹ آصف کمال، پراجیکٹ ڈائریکٹرمدین پاورپراجیکٹ مصطفی کمال اورپراجیکٹ ڈائریکٹرفیزیبلٹی سٹیڈیزاینڈ مینجمنٹ انجینئرمحمدفرازنے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ عالمی بینک خیبرپختونخوامیں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے مالی تعاون فراہم کرنے کے سلسلے میں آئندہ سال ضلع سوات میں پن بجلی کے 2منصوبوں پر تعمیراتی کام کا آغازکرے گاجن میں 157میگاواٹ مدین ہائیڈروپاورپراجیکٹ اور88میگاواٹ گبرال کالام ہائیڈروپاورپراجیکٹ شامل ہیں۔
اس سلسلے میں عالمی بینک اورصوبائی حکومت کے درمیان 450ملین ڈالرزمعاہدے پر دستخط کئے جاچکے ہیں۔یہ منصوبے 2027تک مکمل کرلئے جائیں گے جن سے صوبے کو سالانہ 13ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی۔اجلاس میں بتایاگیاکہ منصوبوں کے لئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی تقرری کاعمل مکمل ہوچکاہے جس نے منصوبے کے ورک پلان اورآئندہ کی حکمت عملی پر کام شروع کردیا ہے اورپلاننگ کے تحت منصوبوں پر رواں سال سے عملی کام کا آغاز کیاجائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی سیدامتیازحسین شاہ نے عالمی بینک کی طرف سے توانائی کے شعبوں میں مالی معاونت کی فراہمی اورصوبے میں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اورامید ظاہر کی کہ مذکورہ منصوبوں سے صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری آئے گی جس سے صوبے کی معیشت کو استحکام ملے گا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئرنعیم خان نے عالمی بینک کے نمائندہ وفد کو یقین دلایا کہ وہ صوبے میں توانائی منصوبوں کے حوالے سے درپیش مسائل خصوصاً اراضی کے حصول سمیت دیگر کو حل کرنے میں اپنابھرپورکرداراداکرینگے۔
