آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان سے منسلک اسکولوں کے طلبہ کی شاندار کامیابی
AKU-MBBS 2025 کےتحریری ٹیسٹ میں چترال کے 8 طلبہ کامیاب
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان (AKES,P) سے منسلک آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول سین لشٹ اور کوراغ کے طلبہ نے آغا خان یونیورسٹی کراچی کے MBBS پروگرام 2025 کے تحریری امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے چترال کا نام ایک بار پھر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول سین لشٹ چترال کے چھ ہونہار طلبہ زبیر احمد (گرم چشمہ)، علی اظہر (بریپ)، سمیع اللہ (میراگرام نمبر 2) علی یزدان (سین لشٹ)، عیدالحسین (پترانگ گاز، یارخون) اور آفاق مزاری (پرواک) نے MBBS پروگرام کے تحریری مرحلے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول کوراغ کی دو باصلاحیت طالبات ایمان کریم (کیسو، لوئر چترال) اور عالیہ شاہ (کریم آباد لوئر چترال) بھی اس مقابلہ جاتی امتحان میں کامیاب قرار پائیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ آغا خان یونیورسٹی کے MBBS پروگرام کے داخلہ ٹیسٹ میں دنیا بھر سے ہزاروں طلبہ نے حصہ لیا جن میں سے صرف 100 امیدواروں کو انٹرویو کے اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان میں چترال کے 8 طلبہ کا شامل ہونا علاقے کے لیے ایک غیر معمولی اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس کامیابی پر اسکولز کی انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور پورے چترال کو مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ یہ صرف طلبہ کی محنت کا نتیجہ نہیں بلکہ اس میں اساتذہ کی رہنمائی، والدین کی دعاؤں اور آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان کی اُن کوششوں کا بھی اہم کردار ہے جو وہ دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے مستقل جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ کامیابی نہ صرف طلبہ کے روشن مستقبل کی نوید ہے بلکہ چترال جیسے پسماندہ خطے میں تعلیمی انقلاب کی ایک اور مثال بھی۔
