Chitral Times

May 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جدید سہولیات و ٹیکنالوجی پر مبنی میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنیوالے نوجوان ڈاکٹرز کو طبی شعبہ میں نئی تحقیق سے جدت و بہتری لانا ہو گی،گورنرحاجی غلام علی کی گندھارا یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب

Posted on
شیئر کریں:

جدید سہولیات و ٹیکنالوجی پر مبنی میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنیوالے نوجوان ڈاکٹرز کو طبی شعبہ میں نئی تحقیق سے جدت و بہتری لانا ہو گی،گورنرحاجی غلام علی کی گندھارا یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب

نوجوان ڈاکٹرز کو نت نئی بیماریوں کا پھیلاؤ روکنے کیلئے دنیا بھر میں شعبہ طب میں اپنا نام پیدا کرنا ہو گا،حاجی غلام علی

گورنر خیبرپختونخوا کی گندھارا یونیورسٹی کے 8ویں کانووکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت،میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے 265 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور 27 طلباء و طالبات کو گولڈ میدلز پہنائے

chitraltimes gandahara university convocation governor kp haji ghulam ali chief guest 2

 

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجی و سہولیات پر میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنیوالے نوجوان ڈاکٹرز کو طبی شعبہ میں نئی تحقیق سے جدت و بہتری لانا ہو گی،جدید ٹیکنالوجی کے آلات نے تعلیمی شعبہ سمیت تمام شعبوں میں آسانیاں پیدا کی ہیں،دنیا میں جہاں نئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں تو وہیں علاج معالجہ کے نئے طریقے بھی متعارف ہو رہے ہیں،وقت کا تقاضاہے کہ ہمارے نوجوان ڈاکٹرز معاشرے سے بیماریوں کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی تعلیم کا بہترین استعمال کر کے تحقیق سے نہ صرف صوبہ و ملک بلکہ دنیا بھر میں اپنا نام و مقام پیدا کریں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز گندھارا یونیورسٹی پشاور کے 8ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چانسلر گندھارا یونیورسٹی مسز روئیدہ کبیر،وائس چانسلر ڈاکٹر اعجاز حسن،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزڈاکٹر شوکت علی، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس علی بابا خیل،رجسٹرار،کنٹرولر امتحانات، فیکلٹی اراکین، سینٹ و سنڈیکیٹ کے ممبران سمیت طلباء وطالبات سمیت والدین نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔گورنر نے کانووکیشن میں اکیڈیمک سیشن 2022-23 میں میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے 265 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اورتعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 27 طلباء و طالبات کو گولڈ میدلز پہنائے۔تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر اعجاز حسن خان نے گورنراوردیگرمہمانوں کا خیرمقدم کیا اورگورنر کو یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔

 

گورنرنے اپنے خطاب میں تعلیمی کامیابی حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات، والدین، فیکلٹی اراکین کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ آپ کے والدین اور اساتذہ نے آپ کو ایک کامیاب عملی زندگی گزارنے کے قابل بنانے کے لیے مستقل اور مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔انہوں نے گندھارا یونیورسٹی، کبیر میڈیکل کالج کے منتظمین کو صوبہ کے نوجوانوں کو میڈیکل کی معیاری تعلیم کی فراہمی پر خراج تحسین بھی پیش کیااورکہاکہ یہ صوبے کی پہلی نجی یونیورسٹی ہے جوکہ میڈیکل کے شعبے میں گرانقدرخدمات انجام دے رہی ہے۔گورنرنے طلباء وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اب جب کہ آپ چیلنجوں اور مواقع سے بھری ایک نئی زندگی میں داخل ہوچکے ہیں،آپ سے توقع کرتے ہیں کہ آپ ان چیلنجوں کادلیری سے مقابلہ کریں گے اور اپنے پیشے میں سبقت حاصل کرنے کے مواقع ضائع نہیں کریں گے۔

 

انہوں نے کہاکہ دکھی انسانیت کا خدمت آپکی زندگی کا مقصد ہونا چاہئے، ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانا اور مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی اورخدمت خلق نوجوان ڈاکٹرز کا جذبہ ہونا چاہئے۔نوجوان طبقہ اپنے متعلقہ شعبوں میں کامیابیاں سمیٹنے کیلئے اپنے اہداف مقرر کریں۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز کوعلاج معالجہ کے ساتھ بیماریوں کے مکمل خاتمہ کیلئے اپنی تعلیم کا بہترین استعمال کرناہوگا۔انہوں نے اس موقع پر صوبہ میں گندھارا یونیورسٹی سمیت تمام نجی تعلیمی اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں میڈیکل سمیت تمام شعبوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں نجی سیکٹرز یونیورسٹیوں کا کردار قابل تحسین ہے، انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں شعبہ تعلیم اور شعبہ صحت پر بھاری فنڈز خرچ کر رہی ہیں، نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے اس لئے نوجوان نسل کو تعلیم و صحت کے میدان میں آگے لانے کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہمارے نوجوان اپنی مثبت سرگرمیوں سے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

chitraltimes gandahara university convocation governor kp haji ghulam ali chief guest 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
87845