Chitral Times

May 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گندم کی خریداری کے اہداف بارے فیصلے میں تاخیرکی خبریں گمراہ کن ہے، ترجمان وزارت خزانہ

شیئر کریں:

گندم کی خریداری کے اہداف بارے فیصلے میں تاخیرکی خبریں گمراہ کن ہے، ترجمان وزارت خزانہ

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)وزارت خزانہ نے پریس کے بعض حصوں میں گندم کی خریداری کے اہداف بارے فیصلے میں تاخیرکی خبروں کوگمراہ کن قراردیتے ہوئے ان کی تردیدکی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے ہفتہ کویہاں جاری بیان میں کہاگیاہے کہ پریس کے ایک حصے میں شائع ہونے والی خبروں سے گمراہ کن تاثر دیا جارہاہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے گندم کی خریداری کے اہداف پر فیصلے میں تاخیر کی ہے۔ترجمان وزارت خزانہ نے کہاہے کہ ان دعووں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

 

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 4 اپریل کو ہونے والے اپنے اجلاس میں گندم کی خریداری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ متعلقہ وفاقی وزارتوں کی رائے پر غور کرنے کے بعد ای سی سی کے اراکین نے محسوس کیا کہ اس حوالہ سے غور و خوض میں صوبائی حکومتوں کو شامل کرنا مناسب ہوگا کیونکہ وہ فیصلوں پر عمل درآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔لہذا اجلاس 5 اپریل کو دوبارہ بلایا گیا جس میں تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔صوبائی نمایندوں نے اپنے متعلقہ صوبوں میں میں گندم کی خریداری سے متعلق تازہ ترین صورتحال کے بارے میں کمیٹی کو معلومات فراہم کیں اور اس مقصد کے لیے بینکوں سے قرضہ لینے کے لیے اپنی ضروریات کا جائزہ لیا۔کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد وزارت خوراک اور صوبوں کی طرف سے تجویز کردہ خریداری کے ہدف اور اس مقصد کے لیے درکار کیش کریڈٹ کی حد کی منظوری دی۔

 

ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ محکموں نے وزارت غذائی تحفظ وتحقیق کی طرف سے پیش کردہ اہداف میں کوئی اضافہ یا کمی کی تجویز نہیں دی اور نہ ہی ای سی سی نے ایسی کسی تبدیلی کی منظوری دی۔حکومت پنجاب کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ صوبہ میں گندم کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ کسانوں کو اپنی پیداوار کی امدادی قیمت کی سطح پر فروخت کو ممکن بنانے کیلئے صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گی۔ترجمان نے بتایا کہ ای سی سی نے اپنے افتتاحی اجلاس میں فیصلہ کیاتھا کہ جو بھی امورکمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے ان پر عجلت اور ربڑ سٹمپنگ کے اقدامات کے بجائے مبنی برمعلومات فیصلے کئے جائیں گے۔کمیٹ نے یہ بھی فیصلہ کیاتھا کہ کہ دورروس اثرات کے حامل امورپر تمام شراکت داروں کی رائے لی جائیگی۔ 4 اور 5 اپریل 2024 کو ای سی سی کے اجلاسوں کے دوران تفصیلی بات چیت اور فیصلوں سے اس پالیسی کی عکاس ہورہی ہے

 

ججز کو بھیجے گئے خط میں کیا لکھا گیا اور اس میں کونسا پاؤڈر تھا؟

لاہور(سی ایم لنکس)لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو مشکوک خطوط موصول ہونے کے مقدمے کی ایف آئی آر کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ایف آئی آر کے مطابق خطوط میں تحریک ناموس پاکستان کا حوالہ دے کر عدالتی نظام کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، خطوط میں ’ویلکم ٹو بیسیلس انتھریکس‘ تحریر کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق یہ الفاظ جج صاحبان کو دھمکانے کیلئے استعمال کیے گئے، خطوط سے جج صاحبان کے فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں،’bacilus antharcis‘ بیکٹریا کی قسم ہے جو عمومی طور پر جانوروں میں پایا جاتا ہے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق فرانزک رپورٹ میں خطوط سے 70 ملی گرام آرسینک ملنے کی نشاندہی کی گئی، واقعے کا مقدمہ سیکیورٹی انچارج ہائی کورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔تفتیشی ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ اسلام آباد جانے والی تحقیقاتی ٹیم نے اہم شواہد حاصل کیے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
87271