Chitral Times

May 15, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا پولیس کو مستحکم کرنے کیلئے بکتر بند گاڑیوں،اسلحہ اور دیگر جدید آلات کی خریداری کیلئے تین ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا پولیس کو مستحکم کرنے کیلئے بکتر بند گاڑیوں،اسلحہ اور دیگر جدید آلات کی خریداری کیلئے تین ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پولیس کو مستحکم کرنے کیلئے بکتر بند گاڑیوں،اسلحہ اور دیگر جدید آلات کی خریداری کیلئے تین ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو شہداءکوٹہ کے تحت تمام پولیس شہداءکے بچوں کو پولیس فورس میں بھرتی کرنے کیلئے ون ٹائم خصوصی کوٹہ مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں کابینہ کی منظوری کیلئے کیس تیار کیا جائے ۔ ون ٹائم کوٹہ مقرر کرنے سے شہداءکوٹہ کے تحت بھرتی کے منتظر تمام شہداءکے بچے بیک وقت بھرتی ہو سکیں گے ۔ واضح رہے کہ شہداءکوٹہ کم ہونے کی وجہ سے پولیس شہداءکے بچے کئی سالوں سے بھرتی کے منتظر ہیں۔ یہ ہدایت اُنہوںنے گزشتہ روز امن و امان سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی ۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈا پور ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان،متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور پولیس کے دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کومتعلقہ حکام کی جانب سے صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، چیلنجز ،آئندہ کے لائحہ عمل اور دیگر معاملات پر بریفینگ دی گئی ۔اجلاس میں اہم شخصیات اور تنصیبات کی سکیورٹی کیلئے پولیس کے اندر سکیورٹی ڈویژن قائم کرنے سے متعلق اُمور پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ امن و امان کی بہتری صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ پولیس فورس کو موجودہ صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے کے قابل بنانے کیلئے ہر لحاظ سے مضبوط اور مستحکم کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے پولیس کو درکارمالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے پولیس شہداءکے ورثاءکو بھی صوبائی حکومت کے رمضان پیکج میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ رمضان پیکج کے تحت پولیس شہداءکے ورثاءکو 10،10 ہزار روپے نقد دیئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو اہم شخصیات کو سکیورٹی دینے سے متعلق ایک قابل عمل پالیسی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورکا صوبے کی موجودہ مالی صورتحال کے پیش نظر حقیقت پسندانہ ترقیاتی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کی موجودہ مالی صورتحال کے پیش نظر حقیقت پسندانہ ترقیاتی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور متعلقہ حکام کو عوامی فلاح و ترقی کے حامل جاری ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ ان منصوبوںکی مقررہ ٹائم لائن کے اندر تکمیل یقینی بنانے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں ۔ وہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ترقیاتی حکمت عملی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، سیکرٹری خزانہ عامر سلطان ترین اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی ، مختلف شعبوں میں جاری اہم ترقیاتی سکیموں اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈ اپور نے اس موقع پر واضح کیا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیح ہو گی ۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسے تمام ترقیاتی منصوبے جن پر 80 فیصد عملی پیشرفت ہو چکی ہے، اُنہیں پہلی فرصت میں مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔مزید برآں اُنہوںنے سیاحت، توانائی، لائیو سٹاک اور دیگر پیداواری شعبوں میں جاری منصوبوں کی تکمیل پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ شعبے نہ صرف روزگار کی فراہمی میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں بلکہ حکومت کو درپیش مالی مسائل کے حل میں بھی معاون ثابت ہو ں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کو موجودہ معاشی بحران سے باہر نکالنا، غربت کی کمی اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی حکومت کے بنیادی اہداف ہیں جن کی تکمیل کیلئے پیداواری شعبوں پر بھر پور توجہ دینا ہو گی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ترقیاتی پورٹ فولیو میں شامل نان اے ڈی پی منصوبے باضابطہ منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

 

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ڈی آئی خان کے علاقہ کلاچی میں نامعلوم افراد کی پولیس اہلکار پر فائرنگ کی مذمت کرے ہوئے واقعے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی دعا کی ہے۔ درایں اثناء وزیر اعلیٰ نے پولیس کے اعلی حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے
شہید اہلکار کے لواحقین کو شہداء پیکج کے تحت معاوضے کی ادائیگی کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
86258