Chitral Times

May 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آصف زرداری صدر منتخب ہوکر چاروں گورنر خود مقرر کرینگے، بلاول بھٹو

Posted on
شیئر کریں:

آصف زرداری صدر منتخب ہوکر چاروں گورنر خود مقرر کرینگے، بلاول بھٹو

اسلام آباد( چترال تائمزرپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری صدر منتخب کے بعد تمام گورنرز خود مقرر کریں گے فی الوقت گورنرز کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو صدر ملکت منتخب کرائیں گے، وہ صدر منتخب ہونے کے بعد تمام صوبوں کے گورنرز خود مقرر کریں گے فی الوقت گورنرز کا فیصلہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے خلاف سنی اتحاد کونسل نے میرا ووٹ مانگا ہی نہیں اور نہ ہی انہوں نے مجھے کنونیس کرنے کی کوشش کی اس طرح تو وہ خود ہی ان کی راہ ہموار کررہے ہیں، سنی اتحاد کونسل کی وجہ سے ہی شہباز شریف وزیراعظم بنیں گے کہ ہم اگر ان کی مخالفت میں ووٹ نہ دیں تو وزیراعظم بن ہی جائیں گی۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئین میں لکھا ہے کہ ہر حال میں 29 فروری کو اسمبلی کا اجلاس بلانا ہے اور عارف علوی اپنا فرض نہیں نبھارہے ان پر آئین توڑنے کا مقدمہ بنتا ہے، حکومت سازی کے عمل پر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر صدر آئین پر عمل نہیں کرتے تو اسپیکر عمل کرے گا۔ایک سوال پر انہوں ں ے کہا کہ پی ٹی آئی کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتی وہ نہ آئین کو نہ جمہوریت اور نہ اس نظام کو مانتی ہے، ہم سے غلطیاں ہوتی ہیں تو ہم تسلیم کرتے ہیں مگر سب سے زیادہ غلطیاں جس شخص سے ہوئیں وہ شخص اڈیالہ جیل میں ہے اور وہ آج بھی غلطی تسلیم نہیں کرتا۔ایک سوال پر بلاول نے کہا کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں اگر میں وزیراعظم بنا تو پاکستان کے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرادو تاہم مجھے مینڈیٹ نہیں ملا اس لیے میں نئے وزیراعظم سے صرف درخواست ہی کرسکتا ہوں۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا اور سیاست دانوں کو ایک دوسرے کی عزت کرنی ہوگی۔

 

پی پی، ن لیگ کا ہماری سیٹیں مانگنا غیر آئینی ہے، پی ٹی آئی کا سینیٹ میں احتجاج

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پی ٹی آئی نے سینیٹ میں شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید طویل عرصے بعد ایوان میں آئے تو پی ٹی آئی سینیٹرز نے ان کا استقبال کیا۔پی ٹی آئی ارکان نے جیلوں میں قید خواتین کے حق میں پلے کارڈ اٹھا کر احتجاج کیا اور چیئرمین کے ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔سینیٹرز نے قیدی خواتین اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے نعرے لگاتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے مائیک نہ دینے پر ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ اور واک آؤٹ کردیا۔بیرسٹر علی ظفر نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 9ماہ سے ہماری خواتین سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، ایک کیس سے نکلتی ہیں تو جیل کے باہر سے دوسرے کیس میں پکڑ لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا نظام آئین پر مبنی ہے، آئین میں واضح لکھا ہے جس جماعت کی جتنی نشستیں ہیں اس کے مطابق انہیں مخصوص نشستیں ملیں گی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا الیکشن کمیشن میں جاکر ہماری سیٹیں مانگنا غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے، سیاسی جماعتوں کا کوٹے سے ہٹ کر مخصوص نشستیں لینے کا دعوی کرنا غیر آئینی اقدام ہے۔سینیٹ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی سینیٹر سعدیہ عباسی نے چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو سیٹس پی ٹی آئی کی بنتی ہیں ان کو دی جائیں، جو کچھ اس الیکشن میں ہوا اس سے نظریں نہیں چھپاتے، چیف الیکشن کمشنر کو استعفی دینا چاہیے تھا الیکشن شفاف نہیں تھا۔سعدیہ عباسی نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں زیر عتاب ن لیگ تھی اب پی ٹی آئی زیر عتاب ہے، اگر خدیجہ شاہ رہا ہوسکتی ہے تو یاسمین راشد، صنم جاوید اور دیگر کا کیا قصور ہے، ان کا قصور یہ ہے کہ خدیجہ شاہ کی پہنچ ہے لیکن دیگر کی نہیں، سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے چاہیئیں۔سینیٹر مشتاق احمد نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں چھوٹے بچے بھوک اور پیاس سے شہید ہو رہے ہیں، ہمارے مسلمان بہن بھائی انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں، امریکہ بھی فلسطینوں کے قتل عام میں برابر کا حصہ دار ہے، غیر مسلم ممالک عالمی عدالت انصاف میں جا رہے ہیں لیکن مسلم ممالک نہیں جا رہے، پی ایس ایل میں فلسطین کے قاتلوں کی تشہیر کی جا رہی ہے، یہودیوں کے حمایت یافتہ کے ایف سی کی اسپانسر شپ کیوں لی گئی؟۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی نے اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
85755