Chitral Times

Apr 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کیلیے درخواست جمع کرا دی

Posted on
شیئر کریں:

سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کیلیے درخواست جمع کرا دی

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)سنی اتحاد کونسل نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن کمیشن میں تحریری درخواست جمع کرا دی ہے۔ سنی اتحاد کونسل نے عام انتخابات میں کامیاب پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی جماعت میں شمولیت کے بعد خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے تحریری درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے۔سنی اتحاد کونسل کی جانب سے تحریری درخواست کے ساتھ پارٹی لیٹر اور بیان حلفی بھی جمع کرایا گیا ہے جب کہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خواتین اور اقلیت کی مخصوص نشستوں پر کوٹہ الاٹ کیا جائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے 107 ا?زاد اراکین نے بھی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی ہے، اس لیے تمام کامیاب آزاد امیدواروں کے تناسب سے مخصوص نشستیں لاٹ کی جائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے آج الیکشن کمیشن میں مخصوص نشستوں پر فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے چند روز قبل سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ الیکشن میں کامیاب آزاد امیدواروں نے اس جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی۔

 

قومی اسمبلی اجلاس طلب کرنے کیلیے سمری صدر مملکت کو ارسال

اسلام آباد(سی ایم لنکس) وزارت پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیج دی۔ذرائع وزارت پارلیمانی امور کے مطابق صدر مملکت آئندہ 2 روز تک قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے، قومی اسمبلی کے لہے 26 تا 28 فروری کی تاریخ تجویز کی گئی ہیں۔دوسری جانب، سندھ اور پنجاب اسمبلی نے بھی نو منتخب اراکین سے حلف لینے کے لیے اجلاس طلب کر لیے ہیں۔

 

 

سندھ اسمبلی کا اجلاس پرسوں طلب، نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

کراچی(سی ایم لنکس)ملک میں عام انتخابات کے بعد سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس 24فروری کو طلب کرلیا گیا جس میں نو منتخب ارکان اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔اسمبلی کا اجلاس صبح 11 بجے ہوگا اور اسپیکر اسمبلی ارکان سے حلف لیں گے۔ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے سمری گورنر کو بھجوا دی گئی ہے۔نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد اسپیکر نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کا شیڈول دیں گے۔کاغذات فائنل ہونے کے بعد ایک دن کے وقفے سے انتخاب ہوگا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے منتخب ہونے کے بعد نو منتخب اسپیکر وزیراعلیٰ کے انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے۔

 

پی ٹی آئی کا 3 مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات 3مارچ کو ہوں گے جس کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 23 اور 24فروری کو جمع کرائے جا سکتے ہیں، انتخابات کے لیے اسکروٹنی 25 فروری کو ہوگی۔پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27فروری تک ہوں گے جبکہ پولنگ 3مارچ کو ہوگی۔ پولنگ سینٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکریٹریٹ میں ہوگی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی عمر ایوب نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار نہیں کی، بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب آزاد حیثیت میں اسمبلی کا حصہ بنیں گے۔پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں نے انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینا ہے اور حصہ لینے کے لیے دونوں رہنماؤں نے سنی اتحاد میں شمولیت اختیار نہیں کی، بانی چیئرمین کے پینل سے بیرسٹر گوہر چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکریٹری کے امیدوار ہیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
85598