Chitral Times

May 17, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نگران وزیر اعلی جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا اپر کوہستان میں خسرہ سے متعدد بجوں کے انتقال کے معاملے کا نوٹس

Posted on
شیئر کریں:

نگران وزیر اعلی جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا اپر کوہستان میں خسرہ سے متعدد بجوں کے انتقال کے معاملے کا نوٹس

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) نگران وزیر اعلی جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ اپر کوہستان میں خسرہ سے متعدد بجوں کے انتقال کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو اس بیماری کے تدارک کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ماہرین پر مشتمل خصوصی میڈیکل ٹیمیں بھیجنے کے علاوہ بیماری کے مزید پھیلاو کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی ہے کہ خسرہ سے متاثرہ بچوں کی علاج معالجے کا خصوصی انتظام کیا جائے، علاقے کے لوگوں کو اس بیماری کے خلاف آگہی دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ علاقے میں بیماری کی روک تھام اور متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے لئے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA)کے کنٹری ڈائریکٹر یوان جی ہو اور یونائیٹڈ نیشن آفس فار پروجیکٹ سروسز (UNOPS) کی پاکستان میں تعینات کنٹری منیجر جینیفر انکروم خان کی ملاقات

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA)کے کنٹری ڈائریکٹر یوان جی ہو اور یونائیٹڈ نیشن آفس فار پروجیکٹ سروسز (UNOPS) کی پاکستان میں تعینات کنٹری منیجر جینیفر انکروم خان نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور یو این اوپی ایس کے تعاون سے خیبرپختونخوا میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ، وزیراعلیٰ کے ترجمان بریگیڈئیر (ر) سید مجتبیٰ ترمذی اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں ڈونر ایجنسیوں کے تعاون سے صوبے میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں خصوصا پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے زیادہ سے زیادہ ثمرات عوام تک پہنچانے سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر مستقبل میں باہمی اشتراک کے امکانات خصوصاً ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور یو این او پس کے باہمی اشتراک سے خیبرپختونخوا میں عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے، صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام اس اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا باالخصوص ضم شدہ اضلاع بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ عسکریت پسندی صرف صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک اور عالمی برادی کا بھی مسئلہ ہے ، خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہےں ، اس جنگ میں معیشت اور امن و امان سمیت زندگی کا ہر شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ضم اضلاع کی تیز رفتار ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ، صوبائی حکومت مشکل صورتحال کے باوجود ضم اضلاع کی ترقی کے لئے خصوصی کوششیں کر رہی ہے جبکہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو عالمی ڈونر ایجنسیوں اور ترقیاتی اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ عسکریت پسندی کے تدارک کا بہترین اورموثر طریقہ اقتصادی ترقی اور معاشی خوشحالی ہے۔ صوبائی حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کےلئے ہیومن ریسورس ایکسپورٹ اسٹریٹیجی ترتیب دی ہے جس کے تحت نوجوانوں کو جدید مارکیٹ کی ضروریا ت کے مطابق کریش کورسز کروائے جائیں گے تاکہ انہیں روزگار کے قابل بنایاجاسکے۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جبکہ نوجوانوں کے ان صلاحیتوں کے مثبت استعمال کےلئے انہیں مارکیٹ ڈیمانڈ ز کے مطابق تربیت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو ڈونر ایجنسیوں کا تعاون درکار ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم بیرونی ممالک کو بھی ان کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت مہیا کر سکتے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
84546