Chitral Times

May 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سپریم کورٹ کا ذوالفقار بھٹو صدارتی ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا اعلان

Posted on
شیئر کریں:

سپریم کورٹ کا ذوالفقار بھٹو صدارتی ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا اعلان

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)سپریم کورٹ نے ذوالفقار بھٹو صدارتی ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا اعلان کر دیا۔گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کی براہ راست نشریات کیلئے درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ ہونے کے ناطے انصاف کیلئے درخواست کی، ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے کردار ادا کیا، ان کا قتل نظام انصاف پر دھبہ ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ عوام کے سامنے حقائق رکھنے کیلئے کیس کی لائیو نشریات بہت اہم ہے۔یاد رہے کہ 2011 میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق ریفرنس دائر کیا تھا اور اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے دسمبر 2012 تک کیس کی 6 سماعتیں بھی کی تھیں لیکن ریفرنس سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔

 

 

بھٹو ریفرنس عدلیہ کیلئے امتحان ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھٹو ریفرنس ہماری عدلیہ کے لیے امتحان ہے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے کہ ذوالفقار علی بھٹو بے قصور تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جہاں 12 سال بعد صدر کے ریفرنس پر سماعت ہوئی، میں نے 2018ء میں کیس سننے کے لیے درخواست دائر کی، ہمیں ذوالفقار بھٹو کے لیے انصاف چاہیے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مجھے انصاف دیا جائے، قوم کو بتایا جائے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بے قصور تھے، عدالت سے اپیل ہے کہ آپ نے تاریخ کو درست کرنا ہے، اْمید ہے اس بار پیپلز پارٹی اور عوام کو قائدِ عوام کے کیس میں ریلیف ملے گا۔راؤ انوار سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ جن کا کھلونا ہے انہوں نے اس کو لانچ کیا، لیاری کے کارکنوں نے اس کھلونے کے بارے میں ایک نعرہ دیا ہے، لیاری کے کارکنوں کا نعرہ ہے میاں تیرے جانثار، بشیر میمن، راؤ انوار۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پورا نظام اور جو سہولت کار تھے ان کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں، جو اس جرم میں ملوث تھے ان کو بے نقاب کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام کو جب تک انصاف نہیں ملتا تب تک کسی کو انصاف نہیں مل سکتا، امید ہے کہ اس بار پیپلز پارٹی کو اس کیس میں ریلیف ملے گا۔

 

ڈی آئی خان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشت گرد ہلاک، 25 اہلکار شہید

ڈی آئی خان( چترال ٹائمزرپورٹ)ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشت گردوں ہلاک اور 25 فوجی جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑے پیمانے پر مشکوک سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جس پر سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیاں کیں جن میں کل 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر جنرل ایریا درازندہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔اسی طرح جنرل ایریا کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن کیا گیا جس میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کیا گیا اور چار دہشت گرد مارے گئے تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔اسی طرح بارہ دسمبر کو ہی چھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے عام علاقے درابن میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا تاہم فوجی جوانوں نے چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کو مو ثر طریقے سے ناکام بنا دیا گیا۔دہشت گردوں کو بارود سے بھری گاڑی چوکی میں گھسنے پر روکنے پر انہوں نے خود کش حملہ کیا، خودکش حملے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں عمارت گر گئی، جس سے متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ حملے کے دوران مقابلہ کرتے ہوئے 23 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ تمام چھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولا بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
82933