Chitral Times

May 17, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنر ہاؤس پشاور میں ایف پی سی سی آئی خیبر پختونخوا کے زیراہتمام تقسیم ایوارڈز کی تقریب

شیئر کریں:

گورنر ہاؤس پشاور میں ایف پی سی سی آئی خیبر پختونخوا کے زیراہتمام تقسیم ایوارڈز کی تقریب

تقریب میں کوہاٹ، پشاور، باجوڑ، مالاکنڈ، چارسدہ، ہری پور، ایبٹ آباد،سوات،مہمند، چترال، لوئیر دیر،بنوں،نوشہرہ،مردان،ضم ضلع کرم چیمبرز،سمیت وویمن چیمبرز، آل پاکستان کمرشل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور دیگر کاروباری شخصیات کو گولڈ میڈلز پہنائے گئے

گورنر نے ورلڈ جونیئر سکواش چمپیئن حمزہ خان کو بھی شاندار کارکردگی پر گولڈ میڈل پہنایا اور 50 ہزارروپے نقد انعام دیا

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ حکومتی و عسکری قیادت بزنس کمیونٹی کو سہولیات و ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بہترین سوچ و وژن رکھتی ہے۔خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے پہاڑوں میں کھربوں روپے مالیت کی معدنیات موجود ہیں۔ایف پی سی سی آئی خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے پہاڑوں میں چھپے خزانوں پر تحقیق کرے اور ان معدنیات اورقدرتی وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال میں لاکر ملک کی ترقی وخوشحالی یقینی بنانے میں کردارادا کریں۔ ہم سب مل کر ملک کودرپیش چیلنجز سے باہر نکالیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری خیبر پختونخوا ریجن کے زیراہتمام تقسیم ایوارڈز کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نگران صوبائی وزیر فضل الٰہی، نگران وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ملک مہر الٰہی، ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر مسعود الرحمن،سارک چیمبر کے انجم نثار، بزنس مین پینل کے چیئرمین شاہ زیب، ایف پی سی سی آئی کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمدخان، سابق نگران صوبائی وزیرعدنان جلیل سمیت ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور، پشاور، مردان، کوہاٹ، سوات، کرم، دیر، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، چترال،باجوڑ، بنوں،ہری پور، مہمند،ایبٹ آبادسمیت صوبے کے دیگر چیمبرزآف کامرس کے عہدیداروں، صوبے کی مختلف وویمن چیمبر زکے عہدیداروں اور صوبے کی بزنس کمیونٹی نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کیلئے 37 سال بعدورلڈ جونیئرسکواش چیمپئن شپ کا اعزاز جیتنے والے پشاور کے محمدحمزہ خان کو بھی مدعو کیاگیاتھا۔

 

تقریب میں آل پاکستان کمرشل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں، تنظیم تاجران پشاور،سرحد چیمبر، انڈسٹریل ایسوسی ایشن،قرشی انڈسٹری،صوبہ کے مختلف چیمبرز اور وویمن چیمبرز کے عہدیداروں اور کاروباری شخصیات کو بھی ان کے خدمات کے اعزاز میں گولڈ میڈلز پہنائے گئے جبکہ گورنر نے تقریب میں ورلڈجونیئر سکواش چیمپئن حمزہ خان کوشاندار کارکردگی پر گولڈ میڈل پہنایااور 50 ہزار روپے نقدانعام بھی دیا۔ تقریب سے ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ اورسارک چیمبر کے انجم نثار،کوآرڈینیٹر سرتاج احمدخان اورعلی شیخ نے بھی خطاب کیا اورکہاکہ سی پیک مکمل ہونے سے پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو سنٹرل ایشیاء تک آسان رسائی حاصل ہوگی اور اس کیلئے بزنس کمیونٹی کو پہلے سے سوچنا ہوگا کہ کونسابزنس اس خطے کیلئے موزوں رہیگا۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ سمیت ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کیلئے گورنر کی خدمات قابل تحسین وقابل فخر ہے،پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ہے جو بزنس کمیونٹی اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے ملک بھر اور صوبہ کی بزنس کمیونٹی کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدیدکہا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بزنس کا فروغ ہم سب کی مشترکہ سوچ و جدوجہد ہے۔پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور بالخصوص خیبر پختونخوا صوبہ قدرتی وسائل بالخصوص معدنیات سے مالا مال ہے اورصرف بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں موجود قدرتی وسائل کااندازہ 6 ہزارارب ڈالر سے زیادہ ہے جس کے صحیح استعمال سے ہمارا ملک دنیاکاترقیافتہ ملک بن سکتاہے۔ گورنرنے ملک کی ترقی اوربزنس کے فروغ کیلئے آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر کے وژن اور سوچ کو بھی سراہا اورکہاکہ گذشتہ ہفتہ پاکستان منرل سمٹ میں آرمی چیف نے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جس عزم کا اظہارکیا ہے اس سے یقینا نہ صرف ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کا مورال بلندہواہے بلکہ باہر کے انوسٹرز کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ گورنرنے کہاکہ ہم اپنے قدرتی وسائل کو بروقت اور بھرپور انداز میں استعمال میں لاکر نہ صرف ملک میں غربت کے مسئلے سے نجات پاسکتے ہیں بلکہ بیرونی انحصار بھی بتدریج کم کرسکتے ہیں۔ کوئی بھی ادارہ بزنس کمیونٹی کیلئے کسی قسم کے مشکلات پیدا نہیں کرے گا۔

 

انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ میرامضبوط رشتہ ہے اور بزنس کمیونٹی کے مسائل ومشکلات کاخاتمہ بڑی عبادت سمجھتاہوں اور آئندہ بھی حکومت کو شائستگی سے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے قائل کریں گے۔انہوں نے بزنس کمیونٹی کی تنظیموں اور عہدیداروں پر بھی زوردیا کہ وہ ملک میں کاروبار کے فروغ اور کمیونٹی کے مسائل ومشکلات کے حل کیلئے ایک ساتھ ملکر کام کریں۔ ہمارے پاس جو وسائل ہیں ہم نے انہیں پاکستان کی ترقی کیلئے بروئے کارلاکرپاکستان کو آگے لے کر جاناہے۔گورنرنے کہاکہ آرمی چیف بھی ملک میں بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کیلئے ہمہ وقت کوششیں کررہے ہیں جو کہ قابل فخر اقدام ہے جس سے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کوایک مضبوط وژن ملاہے۔ گورنرنے اس موقع پرحمزہ خان کو بھی مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 37 سال بعد ورلڈ جونیئرسکواش چیمپئن شپ کا اعزاز پاکستان کوواپس دلایاہے۔ انہوں نے اس امید کابھی اظہارکیاکہ وہ اپنی محنت اسی طرح جاری رکھیں گے اور محب اللہ خان، جہانگیرخان اور جان شیرخان کی طرح مستقبل میں پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کریں گے۔

chitraltimes governor kp haji ghulam ali addressing fpcci award ceremony chitraltimes governor kp haji ghulam ali giving away medals to businessmen under fpcci pesh


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
77754