Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قائم ہونے والی ٹرانسمیشن اینڈ گرڈکمپنی کے سربراہ کی تقرری کاعمل مکمل 

شیئر کریں:

صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قائم ہونے والی خیبرپختونخواٹرانسمیشن اینڈ گرڈکمپنی کے سربراہ کی تقرری کاعمل مکمل
سٹاف کی تقرری،دفترکیلئے بلڈنگ اورقوائد وضوابط کے لئے کنسلٹنٹ کی تقرری سمیت اہم فیصلے
کمپنی کے قیام سے صوبے میں بجلی کا نظام بہترہوگا،سیکرٹری توانائی کی زیرصدارت بورڈ آف ڈائریکٹرزکا اجلاس

ڈی آئی خان(چترال ٹایمز رپورٹ ) خیبرپختونخوامیں بجلی کی ترسیلی نظام کومزید بہترطریقے سے چلانے کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قائم ہونے والی خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈکمپنی(KPT&GC)کے سربراہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے عمل کوحتمی شکل دے دی گئی۔صوبائی حکومت نے نئی کمپنی کے قیام کے لئے96ملین روپے کے فنڈزکی پہلے ہی منظوری دی تھی جس سے کمپنی کے لئے ایمرجنسی سٹاف کی تقرری اوردفتر کے قیام کے لئے بلڈنگ کا انتخاب بھی جلد کرلیا جائے گا۔نئی کمپنی کے قوائد وضوابط کی تیاری کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات لینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اس سلسلے میں کے پی ٹی اینڈجی سی کے چھٹے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس زیرصدارت چیئرمین بورڈسیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمدخان منعقد ہوا۔

 

اجلاس میں کمپنی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو سپیشل سیکرٹری تاشفین حیدر،ایڈیشنل سیکرٹری توانائی عبدالہادی،چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئرنعیم خان،مشیرتوانائی انجینئرطلاء محمدکے علاوہ دیگربورڈ ممبران محکمہ خزانہ کے نمائندے، ممبرزسینئرچیف آفیسر محکمہ پلاننگ ارباب فیض محمد،چیف پلاننگ آفیسرمحکمہ توانائی ایازخان،ڈپٹی سیکرٹری توانائی اعجازخان نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ کو کمپنی کے قیام کے بارے میں ہونے والی پیشر فت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں کمپنی کے قیام سے متعلق وفاقی اداروں NEPRAاورNTDCکے ساتھ بجلی کی ترسیل کے نظام سے متعلق درپیش مسائل اورصوبے میں جاری توانائی منصوبوں سے پیداہونے والی بجلی کو نئے سسٹم میں شامل کرنے کے بارے میں اہم امورپرگفتگوکی گئی۔اسی طرح عالمی بینک کے تعاون سے کمپنی کے قیام اوراسکے انتظامی ڈھانچے کو تشکیل دینے سے متعلق ادارے کی جانب سے جلد اعلامیہ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

 

اجلاس میں محکمہ خزانہ کوکمپنی کے امورتیزی سے چلانے کے لئے منظورشدہ فنڈزکوجاری کرنے پر بھی زوردیا گیا۔اجلاس میں نئے چیف ایگزیکٹو کے دفترکے لئے فرنیچراوردیگرسامان کی خریداری کے لئے بھی حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں چیئرمین بورڈسیکرٹری توانائی نثاراحمد خان نے ٹرانسمیشن کمپنی کے قیام کو صوبے کے بجلی کے نظام کی بہتری کی طرف ایک سنگ میل قراردیااوراس عزم کا اعادہ کیاکہKPٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی جلد ہی پیڈوکے مکمل ہونے والے منصوبوں سے پیداہونے والی سستی بجلی کواپنے نظام سے ترسیل کرکے نئی تاریخ رقم کرے گی جوصوبے اوراسکے عوام کے لئے ایک اعزاز سے کم نہیں ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
71208