Chitral Times

May 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

طبی تحقیق میں اہم پیشرفت – محمد شریف شکیب

شیئر کریں:

طبی تحقیق میں اہم پیشرفت – محمد شریف شکیب

خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے یونیورسٹی نے ڈینگی بخار سمیت چار مہلک امراض پر تحقیق کا آغاز کر دیا ہے۔چار نئی تحقیقی لیبارٹریوں کے قیام کی بدولت مہلک بیماریوں کی تشخیص اب پشاور میں ہی ہوا کرے گی قبل ازیں یہ ٹیسٹ لاہور اور کراچی سے کروائے جاتے تھے جس سے اضافی اخراجات کے ساتھ بہت زیادہ وقت لگتا تھا۔ یونیورسٹی میں نئی ریسرچ لیبارٹریوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی محمود خان نے انکشاف کیا کہ حکومت صوبے میں قائم دو سو بنیادی صحت مراکز اور پچاس سے زائد دیہی صحت مراکز کو چوبیس گھنٹے چالو رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں چار نئے میڈیکل کالج قائم کئے جا رہے ہیں اور ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ تدریسی ہسپتالوں پر بوجھ کم کیا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈ پروگرام کے تحت مفت علاج پر اب تک 31 ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں اور رواں مالی سال کے بجٹ میں مفت علاج سکیم کے لئے 25 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔بلاشبہ پی ٹی آئی حکومت نے صحت کے شعبے میں غیر معمولی کام کیا ہے صحت کارڈ پروگرام صوبائی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔صحت کے نئے اداروں کے قیام کے ساتھ طبی تحقیق کا کام مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔تپ دق، سرطان، جذام، چیچک اور دیگر موذی امراض پر قابو پانے کے بعد کورونا، ڈینگی، کانگو،مانکی پاکس اوردیگر نئی بیماریاں سر اٹھانے لگی ہیں جن کی وجوہات، روک تھام اور تدارک کا ابھی تک کھوج نہیں لگایا جاسکا۔آر ایچ سیزاور بی ایچ یوز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے سے بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوگا اور عوام کو گھروں کے قریب ابتدائی طبی امداد کی سہولت میسر آئے گی۔ ضلعی ہسپتالوں کو مطلوبہ سٹاف اور ادویات کی فراہمی کے ساتھ ان کی مانیٹرنگ کا موثر انتظام کرنے سے عوام کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی آ سکتی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
64227