Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان

شیئر کریں:

اسلام آباد(سی ایم لنکس) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سطح کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے مگر ایسا نہیں کیا گیا، رات کے وقت بل کو ایجنڈے پر لانا مناسب نہیں تھا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اتنے اہم ایجنڈے کیلئے موقع ملنا چاہیے تھا، چیئرمین اور سپیکر ایوان کے کسٹوڈین ہوتے ہیں اور ہاؤس کی نمائندگی کرتے ہیں، حکومت کی نہیں، لہٰذا چیئرمین اور سپیکر کا کردار غیر جانبدار ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن نہیں لیا گیا جبکہ سٹیٹ بینک ترمیمی بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا جو اس لئے بنائی گئی ہیں کہ وہاں بحث ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کے وقت بل کو ایجنڈے پرلانا مناسب نہیں تھا، 27 جنوری کوا یجنڈا میرے سٹاف کو رات 11 بج کر 50 منٹ پر ملا اور میرے گھر ایک بجے پہنچا۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بل پر ووٹنگ پر 30 منٹ کیلئے چیئرمین نے اجلاس ملتوی کیا اور اس طرح آپ نے حکومت کو سہولت دی نا کہ اپوزیشن کو، ملکی تاریخی میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ نے ووٹ دیا، لگتا ہے جیسے چیئر مین سینیٹ حکومت کی سہولت کاری کررہے تھے، بحیثیت اپوزیشن لیڈر اپنااستعفیٰ پارٹی کو دیدیا ہے کیونکہ میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا۔واضح رہے کہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر اپوزیشن کو ایک ووٹ سے شکست ہوئی تھی اور اس دوران ایوان میں یوسف رضا گیلانی کی عدم حاضری پر اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ حکومتی وزرا نے گیلانی کا شکریہ ادا کیا تھا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57918