Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ریشن کے مقام پر سڑک دریا برد ہونے کے واقعے پر مختلف سیاسی نمائندوں کا اظہار افسوس

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) ریشن کے مقام پر سڑک کے دریا برد ہونے کے واقعے پر مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور ممبران اسمبلی نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود حکومت نے اس مسئلے کی طرف سنجیدگی سے توجہ نہیں دی اور بھاری رقم اس مد میں منظور ہونے کے باوجود موسم سرما اور بہار کے دوران کام شروع کرنے میں ناکامی ہوئی۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی وزیر زادہ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں ریشن میں سڑک، گھروں اور زرعی اراضی کی دریا بردگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھاری رقم چھ کروڑ 50لاکھ روپے منظور کرانے کے باوجود اس سڑک کو نہ بچاسکے جوکہ متعلقہ محکمہ جات کی سستی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ سڑک کی بحالی کے لئے این ایچ اے ریشن پہنچ رہے ہیں جبکہ وہ پیر کے روز وزیر اعلیٰ کے ساتھ خصوصی ملاقات کرکے علاقے میں ایمرجنسی ڈیکلیر کرانے کی کوشش کریں گے تاکہ یہاں متاثرہ گھرانوں اور انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام کرائے جاسکیں۔ ایم این اے مولانا عبدالاکبرچترالی نے کہاکہ انہوں نے حکومت کی توجہ اس طرف مبذول کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہوا۔ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سخت دفتر ی قواعد وضوابط کے پیش نظر مذکورہ کام کے ٹینڈر فنڈز کی دستیابی کے باوجود نہیں لگائے جاسکے جس کی وجہ سے علاقے کے سخت نقصان اور عوام کو پریشانی لاحق ہوئی۔

پی ٹی آئی اپر چترال کے صدر رحمت غازی نے تاہم حکومت کو اس سے بری الذمہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ سب کچھ غیر متوقع طور پر ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم توقع کررہے تھے کہ اس سال دریاکا رخ گاؤں اور سڑک کے اس متاثرہ حصے کی طرف نہیں ہوگی لیکن بدقسمتی سے یہ سب کچھ خلاف توقع ہوا جس میں حکومت کا کوئی قصور نہیں ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
49154