Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گلگت،وزیر اعلی کی سوشل میڈیا پر وائرل تصویروں کا نوٹس،اسسٹنٹ کمشنر پر جرمانہ عائد کرنیکی ہدایت

شیئر کریں:

گلگت(آئی آئی پی) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اسسٹنٹ کمشنر آفس گلگت میں سماجی دوری کی خلاف ورزی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویروں کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر گلگت پر جرمانہ عائد کیا جائے اور سماجی دوری کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا جائے۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے قانون سب کیلئے ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ قصابوں کے دکانوں پر بھی سماجی دوری پر عملدرآمد نہیں ہورہاہے تمام تجارتی مراکز میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ سماجی دوری اور لاک ڈاؤن پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے گلگت شہر کا ڈرون کیمروں کے ذریعے باقاعدہ مانیٹرنگ کیا جائے گا۔آئندہ دو دنوں میں گلگت میں پول ٹیسٹنگ شروع کیا جائے گا۔ 5 مئی تک گلگت شہر میں تقریبا 800رینڈم ٹیسٹ کئے جائیں گے جس کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ڈبلیو ایچ او اور ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق ٹی ٹی کیو پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہاہے۔ کورونا وائرس ایک حقیقت ہے جس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے سماجی دوری اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور لاک ڈاؤن کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سماجی ڈھانچہ مضبوط ہے۔ یہاں پر بھوک سے نہیں بلکہ کورونا وائرس سے مرنے کا خدشہ ہے۔ لہذا ہمیں کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے محکمہ صحت کے ہدایت نامے پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ صوبائی حکومت محدود وسائل میں تمام کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے تمام آپریشنل اخراجات برداشت کررہی ہے۔ وفاقی حکومت نے اس مد میں کسی قسم کی رقم فراہم نہیں کی ہے۔ احساس پروگرا م میں گلگت بلتستان سے زیادہ مستحق لوگوں کو شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا صورتحال میں 75 ہزار مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کررہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 25 ہزار مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ بہت جلد دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت مزید 25 ہزار مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا جائے گا۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن کے دوران گلگت میں ڈیری سنٹرز کے اوقات کار میں اضافہ کیا جائے۔کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کے حوالے سے صوبے میں اتفاق رائے کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں، علمائے کرام اور سول سوسائٹی کا کردار قابل تحسین ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے 100 فیصد میرٹ کے تحت مستحق گھرانوں میں راشن کی تقسیم کو یقینی بنایا ہے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں کی گئی ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پرسنل پروٹیکشن کٹس سمیت کورونا وائرس کے حوالے سے تمام دیگر ضروری آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت اور سکردو شہر میں داخلے کیلئے غیرضروری این او سیز کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ صوبائی سیکریٹری داخلہ ان شہروں کیلئے جاری این او سی کی نگرانی کریں۔ بین اضلاعی نقل و حمل کے حوالے سے متعین ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ صوبے میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی زندگیوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ کورونا وائرس سنٹرز میں خدمات سرانجام دینے والے تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو پی پی ای کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی ایس او پیز کی پابندی کریں اور بغیر پی پی ای کٹ کے کورونا وائرس کے مریضوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کیلئے مختص ہسپتالوں میں آئی سی یو کو ہر صورت فعال کیا جائے۔ صوبے میں وینٹی لیٹرزموجود ہیں۔ آئی سی یو میں موجود تمام وینٹی لیٹرز کو فعال کیا جائے اور ٹیکنیکل سٹاف کی ہنگامی بنیادوں پر کمی کو دور کیا جائے۔ ڈویژنل سطح پر کورونا وائرس آئی سی یو کے قیام کرنے کے حوالے سے بنائی جانے والی کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں فوری طور پر کورونا وائرس ہسپتالوں میں آئی سی یو فعال کیا جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستان
34939