Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

لاکھ سے زائد افراد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالنے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(سی ایم لنکس)حکومت نے 6 لاکھ سے زائد افراد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے 6 لاکھ 25 ہزار 592 افراد کو لسٹ سے نکالنے کی سمری کابینہ کو ارسال کردی ہے جن میں وفاقی یا صوبائی حکومتوں کے سرکاری ملازمین اور 12 ایکڑ سے زائد زرعی زمین رکھنے والے بھی شامل ہیں۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سہہ ماہی معاوضہ 5500 سے بڑھا کر 6 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا جس کا نیا نام“احساس کفالت”رکھا گیا ہے۔نادرا نے گزشتہ 8 سال بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کا تفصیلی جائزہ لیا جس سے پتہ چلا کہ ان میں سے 5 لاکھ 25 ہزارافراد ایک یا زائد مرتبہ بیرون ملک سفر کر چکے ہیں، 44 ہزارافراد کے پاس ایک یازائد گاڑی یاموٹرسائیکل ہے۔36 ہزار افراد نے ایگزیکٹو فیس دے کرشناختی کارڈ بنوائے، ایک ہزار 246 افراد نے ایگزیکٹوسینٹر سے پاسپورٹ کے لیے اپلائی کیا، 30 ہزارافراد ماہانہ ایک ہزار روپے موبائل فون کا بل ادا کرتے ہیں، اوسطا ایک ہزار روپے ٹیلیفون بل ادا کرنے والوں کی تعداد 19 ہزار 686 ہے۔
……………………………
.
خیبرپختونخوا حکومت پشاور میٹرو کی تحقیقات رکوانے سپریم کورٹ پہنچ گئی
اسلام آباد / پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میٹرو کی تحقیقات رکوانے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مخدوم علی خان ایڈوکیٹ کی وساطت سے سپریم کورٹ اسلام آباد اور پشاور رجسٹری میں الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں جن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بی آر ٹی پشاور کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، اس لئے عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، درخواست پر فیصلے تک ایف آئی اے کو انکوائری سے روکا جائے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ نے بی آر ٹی کے حوالے سے دائر درخواست کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے کو 45 دن میں انکوئری کا حکم دیا تھا۔ جس پر ایف آئی اے نے تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے منصوبے کو ویڑن کے بغیر فیس سیونگ کے لیے شروع کیا، ناقص منصوبہ بندی کے باعث منصوبے کی لاگت میں 35 فیصد کا اضافہ ہوا اور پشاور کے رہائشوں کے لیے تکلیف کا باعث بنا، منصوبے نے 6 ماہ کی مدت میں مکمل ہونا تھا لیکن سیاسی اعلانات کے باعث تاخیر کا شکار ہوا اور لاگت بھی بڑھ گئی اور فی کلومیٹر لاگت 2 ارب 42 کروڑ، 70 لاکھ روپے ہے جو بہت زیادہ ہے، کیا منصوبے کے لیے اتنا بڑھا قرضہ لینے کی ضرورت تھی؟ بی آر ٹی کے قرضہ سے صوبے کی معاشی خوشحالی بھی ممکن تھی۔
……………………………………
.
پاکستان میں مہنگائی میں کمی متوقع ہے: کنٹری ڈائریکٹر آئی ایم ایف
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی کنٹری ڈائریکٹر ٹریسا ڈبن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی کنٹری ڈائریکٹر ٹریسا ڈبن کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت کا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ آمدن میں کیسے اضافہ کیا جائے۔کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ایکسچینج ریٹ اور سیفٹی نیٹ بھی پاکستانی معیشت کے اہم مسائل ہیں۔ پروگرام کے بعد ملکی معاشی مسائل میں اضافہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کے لیے جامع پروگرام مرتب کیا۔ پاکستان میں مہنگائی میں کمی کی توقع ہے۔ حکومت کو مارچ 2020 تک ٹیکس ریفنڈز ادا کرنے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل آئی ایم ایف کے مشن چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اسٹرکچرل اصلاحات پر زور دینا ہے، اسٹرکچرل اصلاحات ہی بوم اینڈ بسٹ سائیکل سے نکال سکتی ہیں۔مشن چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے معاشی عدم استحکام کو سدھارنے کے لیے جامع اقدامات کیے، اقدامات کے باعث استحکام دیکھنے میں آرہا ہے۔ بیرونی کھاتوں میں واضح بہتری نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ مالیاتی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، حکومت نے بی آئی ایس پی کے لیے فنڈ میں اضافہ کیا ہے۔ معاشی شرح نمو سست روی کا شکار ہے تاہم یہ اندازوں کے مطابق ہے۔
……………………………….
..
گلیشیئر کی اہمیت کے حوالے سے شعور اور آگاہی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، زرتاج گل
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ گلیشیئر کی اہمیت کے حوالے سے شعور اور آگاہی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے گزشتہ ادوار میں گلیشیئر کے پگھلنے سے حاصل ہونے والے پانی کا مناسب استعمال کرنے کے لئے حکمت عملی نہیں بنائی گئی موسمیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیئرتیزی سے پگھل رہے ہیں ہمیں ان وسائل کو ملکی ترقی کے لئے استعمال میں لانا ہو گا، گلیشیئر کے پانی کو گندہ ہونے سے بچانے کے لئے ہمیں اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔ اے پی پی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلیشیئر قدرت کا انمول تحفہ ہیں جنہیں ضائع ہونے سے بچانے کے لئے ہمیں مناسب اور بر وقت حکمت عملی تیار کرنا ہو گی بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے یہی وجہ ہے کہ ہزاروں مربع فٹ پانی سمندر میں گر کر ضائع ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیرو سیاحت کے لئے جانے والے افراد کو زمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلیشیئرز کو آلودہ کرنے سے پرہیز کرنی چاہئے کیونکہ یہ ہمارے لئے قیمتی اثاثہ ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گلیشیئرز کے پگھلنے سے آنے والے سیلابوں کی تباہی سے آبادیوں کو بچانے کے لئے الارمنگ ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو پوری طرح سر گرم عمل ہیں۔
……………………………………
.
کرسمس اور یوم قائد اعظم کے موقع پر 25 دسمبر 2019ء کے روز بینک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) کرسمس اور یوم قائد اعظم کے موقع پر بدھ 25 دسمبر 2019ء کے روز بینک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کرسمس اور یوم قائد اعظم کی مناسبت سے 25 دسمبر 2019ء کو حکومت پاکستان کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس لئے بدھ 25 دسمبر 2019ء کو تمام بینک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
30372