چترال میں ماہانہ پولیو مہم کا آغاز، چار دن تک جاری رہے گا ، ڈپٹی کمشنر نے قطرے پلاکر مہم کا افتتاح کیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال میں ماہانہ پولیو مہم 9اپریل سے شروع ہوکر چار دن تک جاری رہے گا جس کے دوران ضلع کے طول وعرض میں رہائش پذیر 70ہزار سے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائے جائیں گے جس کے لئے 505ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ نگرانی کے لئے 117ایریا انچار ج اور 26یوسی مانیٹرنگ افیسروں کے ساتھ ساتھ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے 70مانیٹرز بھی نگرانی کریں گے۔ مہم کا باقاعدہ آعاز باضابطہ آعاز اتوار کے روز ڈی سی چترال ارشاد سودھر نے اپنے دفتر میں متعدد بچوں کو پولیو کے خلاف قطرے پلاکر کیا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر اسرار اللہ ، ایڈیشنل ڈی سی مہناس الدین، ڈی او فنانس محمد حیات شاہ، ڈبلیو ایچ او کے پولیوایریڈیکیش افیسر ڈاکٹر کمال بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ای پی آئی کے ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ڈاکٹر فیاض رومی نے کہا کہ چترال کا افغانستان کے صوبہ کنڑ سے مشترکہ سرحد ہونے کی وجہ سے یہاں وائرس کا خطرہ موجود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چترال کا ضلع 1995ء سے پولیو فری ہے اور اس جان لیوا وائرس سے نمٹنے کے لئے غیر معمولی محنت اور فل پروف انتظامات کی ضرورت ہوتی ہے اور اس علاقے کی وسعت کی وجہ سے مشکلات کے باوجود یہ کام بطریق احسن انجام دیا جارہا ہے۔