وہ لڑکی جو روایتوں سے آگے نکل گئی! – تحریر: عبدالکریم کریمی آف غذر
.
پچھلے سال ایک نامعلوم نمبر سے مسلسل کالیں موصول ہوئیں۔ میں ایک میٹنگ میں مصروف تھا، مگر کالوں کے تواتر نے مجبور کیا کہ باہر آکر فون سنوں۔ دوسری طرف میرٹ ہوٹل کے ایک سیکیورٹی گارڈ تھے، میرے علاقے سے تھے کہیں سے میرا نمبر لیا تھا۔ انتہائی اضطراب میں بولے ’’سر! ہمارا دین ختم ہو گیا، مذہب خطرے میں ہے، ہم کہاں جا رہے ہیں؟‘‘ میں نے حیرت سے پوچھا، آخر ہوا کیا؟ کہنے لگے کہ ہنزہ کی ایک معروف خاتون (نام لینا مناسب نہیں) ہوٹل آئی تھیں اور انہوں نے پیٹ شرٹ پہن رکھی تھی! گویا دین کی آخری سرحد میرٹ ہوٹل کے گیٹ پر منہدم ہو گئی تھی۔
میں نے عرض کیا ’’بھائی! دینِ اسلام اتنا کمزور نہیں کہ کسی خاتون کے لباس سے خطرے میں پڑ جائے۔ البتہ آپ جس زبان میں اس خاتون کو گالیاں دے رہے ہیں، وہ ضرور اسلامی اخلاقیات کے لیے سوالیہ نشان ہے۔‘‘ مگر موصوف کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں تھا۔ وہ خاتون کے لباس کو دین کا مسئلہ سمجھ رہے تھے اور اپنی زبان کو شاید دین سے مستثنیٰ قرار دے چکے تھے! ہمارے ہاں عجیب مذہبی حساسیت ہے؛ دوسروں کے لباس پر اسلام یاد آ جاتا ہے، مگر اپنی زبان، کردار اور اخلاق کا محاسبہ کرتے ہوئے مذہب کہیں پس منظر میں چلا جاتا ہے۔
یہ واقعہ ایسا ہی یاد نہیں آیا۔ گزشتہ دنوں لندن میں ہنزہ کی ایک بیٹی کی روایتی رقص کا واقعہ بھی اس واقعے سے ملتا جلتا ہے۔ جس پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوا۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی بدزبانی اور کردار کشی اپنی جگہ، لیکن میرے لیے سب سے زیادہ خوشی اور اطمینان کی بات یہ ہے کہ ہنزہ اور غذر کے خاندانوں نے اپنی بیٹیوں کی ایسی تربیت کی ہے کہ وہ سماجی دباؤ، طعنوں اور دشنام طرازی کے باوجود سر اٹھا کر چلنے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔ اس بیٹی نے اپنا تعارف زہرہ افسر سرنگ کے نام سے کروایا ہے۔ ان کا ایک ویڈیو کلپ دیکھنے کا موقع ملا، جس میں انہوں نے نہ صرف اپنے رقص پر مثبت سوچ رکھنے والوں کا شکریہ ادا کیا بلکہ منفی ذہنیت، گالی گلوچ اور کردار کشی کرنے والوں کو بھی نہایت اعتماد اور جرأت کے ساتھ جواب دیا۔ میرے نزدیک یہی خود اعتمادی، فکری پختگی اور اپنی ذات پر یقین ایک باشعور معاشرے کی پہچان ہے۔ ہمیں ایسی ہی حوصلہ مند بہن بیٹیوں کی ضرورت ہے جو نفرت کے شور میں اپنی آواز کھو نہ دیں اور بدزبانی کے جواب میں اپنی عزتِ نفس کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ زہرہ افسر سرنگ نے بروشسکی میں جو الفاظ کہے ہیں، بروشسکی زبان سمجھنے والے ان الفاظ میں موجود لطافت، طنز اور مزاحمت کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں ’’می اگہ کے پسوم، می ممہ کے پسوم، می اچاشو می بوا کہ می بوشوشو کے پسوم۔‘‘
میں ان الفاظ کا لفظی ترجمہ کرکے ان کی معنوی گہرائی اور کاٹ کم نہیں کرنا چاہتا۔ بروشسکی سمجھنے والے ان کے لہجے میں طنز اور اعتماد میں پوشیدہ مفہوم خود محسوس کر سکتے ہیں۔ بعض اوقات اپنی مادری زبان میں ادا کیے گئے چند جملے طویل تقریروں سے زیادہ مؤثر ہوتے ہیں۔ زہرہ نے بھی شاید یہی کیا ہے؛ انہوں نے کسی سے اپنی آزادی کا جواز نہیں مانگا، بلکہ اپنے وجود اور اپنی خودمختاری کا اعلان کیا ہے۔ اور میرے نزدیک یہی وہ تربیت ہے جس پر ہنزہ اور غذر کے والدین بجا طور پر فخر کر سکتے ہیں۔
جدیدیت کا سب سے اہم سبق بھی یہی ہے کہ انسان کو محض کسی روایت کا وارث نہیں بلکہ اپنے وجود، فکر اور انتخاب کا صاحبِ اختیار فرد بھی تسلیم کیا جائے۔ جدید معاشروں میں آزادی کا تصور اس بات سے وابستہ ہے کہ فرد اپنے فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو، بشرطیکہ اس کے عمل سے دوسروں کے حقوق متاثر نہ ہوں۔
جان اسٹورٹ مل نے اپنی شہرۂ آفاق کتاب “On Liberty” میں فرد کی آزادی کا جو اصول پیش کیا، اس کا بنیادی مفہوم یہ تھا کہ محض کسی کے طرزِ عمل سے اختلاف یا ناپسندیدگی اس کی آزادی محدود کرنے کے لیے کافی نہیں۔ دوسرے الفاظ میں، کسی عمل کو پسند نہ کرنا آپ کا حق ہے، لیکن اپنی ناپسندیدگی کو دوسروں کے لیے قانون بنا دینا فکری آمریت ہے۔
ایمانوئل کانٹ نے روشن خیالی کا بنیادی پیغام انسان کی فکری خودمختاری میں تلاش کیا تھا۔ ان کے نزدیک روشن خیالی یہ جرأت پیدا کرنے کا نام ہے کہ انسان دوسروں کے ذہنی سہاروں سے نکل کر خود سوچنے کی صلاحیت پیدا کرے۔ لیکن ہمارے ہاں المیہ یہ ہے کہ ہم دوسروں کو سوچنے کی آزادی دینے سے پہلے ان کے سوچنے، بولنے، پہننے، ہنسنے اور حتیٰ کہ خوش ہونے کے طریقے بھی متعین کرنا چاہتے ہیں۔
اسی طرح روایت بھی کوئی جامد شے نہیں۔ یہ نہ کوئی ایسا مقدس پتھر ہے جسے چھونے سے تہذیب ناپاک ہو جائے، نہ کوئی ایسا بند دروازہ جس کے پار جدید دنیا کے تمام تجربات ممنوع ہوں۔ روایت ایک زندہ مکالمہ ہے جو ہر نسل کے ساتھ نئے سوالات، نئے تجربات اور نئے معانی سے گزرتا ہے۔
گلگت بلتستان کی ثقافت کو بھی اسی وسیع تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہماری لوک موسیقی، روایتی رقص، زبانیں، لباس، داستانیں، رسوم اور اجتماعی تقریبات ہماری تہذیبی شناخت کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ لیکن ان کی حفاظت کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ثقافت کے نام پر لوگوں کی ذاتی زندگیوں کی نگرانی شروع کر دیں۔ ثقافت محبت سے زندہ رہتی ہے، خوف سے نہیں؛ مکالمے سے آگے بڑھتی ہے، دھمکیوں سے نہیں۔
امرتیا سین اپنی کتاب “Development as Freedom” میں انسانی ترقی کو آزادی اور انتخاب کے حقیقی مواقع سے جوڑتے ہیں۔ ان کے نزدیک ترقی کا مفہوم صرف معاشی خوش حالی نہیں بلکہ انسان کی اس صلاحیت میں اضافہ بھی ہے کہ وہ اپنی زندگی کے بارے میں خود فیصلے کر سکے۔ اس اصول کو سامنے رکھیں تو ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ کسی معاشرے کی حقیقی ترقی صرف سڑکوں، عمارتوں اور تعلیمی اداروں سے نہیں ماپی جا سکتی؛ اس کا ایک پیمانہ یہ بھی ہے کہ وہاں انسان کو کس قدر فکری اور شخصی آزادی حاصل ہے۔
اور اب ذرا اپنے رویوں کا جائزہ لیجیے۔ ہم جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہیں، دنیا کے جدید ترین تعلیمی اداروں سے استفادہ چاہتے ہیں، مغربی شہروں کی سڑکوں پر چلنا پسند کرتے ہیں، عالمی تہذیب کے ثمرات سے فائدہ اٹھاتے ہیں، لیکن جب بات ذہنی کشادگی، عورت کے احترام اور اختلافِ رائے کی آتی ہے تو ہمارے اندر صدیوں پرانے ذہنی قفل پھر سے بند ہونے لگتے ہیں۔ ہم دنیا کے ساتھ چلنا بھی چاہتے ہیں اور اپنے ذہن کے دروازے کھولنے سے بھی گھبراتے ہیں۔ شاید یہی ہماری نامکمل جدیدیت کا سب سے بڑا المیہ ہے۔
ہمیں یہ بھی طے کرنا ہوگا کہ گلگت بلتستان کی مشترکہ شناخت کسی ایک وادی، ایک زبان، ایک مسلک یا ایک مخصوص سماجی رویے کی محتاج نہیں۔ ہماری اصل قوت ہمارے تنوع میں ہے۔ ہنزہ کا رقص، بلتستان کی داستان، غذر کی موسیقی، دیامر کی لوک روایت اور گلگت کی تاریخی رنگارنگی سب مل کر اس خطے کی تہذیبی تصویر مکمل کرتے ہیں۔ کسی ایک رنگ کو پوری تصویر قرار دینا باقی رنگوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔
مجھے فخر ہے ہنزہ اور غذر اور گلگت بلتستان بلکہ پوری دُنیا کی ان بیٹیوں پر، ان کے والدین پر بھی جنہوں نے اپنی بیٹیوں کو خوف کے سائے میں پلنے کے بجائے خوداعتمادی، جرأت اور عزتِ نفس کے ساتھ جینا سکھایا۔ جنہوں نے انہیں یہ حوصلہ دیا کہ دنیا کی انگلیاں اٹھیں تو سر جھکانے کے بجائے اپنے کردار کی بلندی پر قائم رہیں۔ کاش! ہمارے معاشرے کے دوسرے حصے بھی ان بیٹیوں سے سیکھیں کہ عورت خاندان کی عزت کا بوجھ اٹھانے والی کوئی بے جان شے نہیں، بلکہ اپنے خوابوں، اپنی سوچ اور اپنی شناخت کے ساتھ ایک مکمل انسان ہے۔ میں ان بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو نفرت کے پتھر کھا کر بھی اپنے لہجے کی خوبصورتی نہیں کھوتیں۔ خدارا! ان کے قدموں کی تھاپ سے خوف زدہ ہونے کے بجائے اپنے ذہنوں میں صدیوں سے جمے ہوئے تعصب کے بت توڑ دیجیے؛ کیونکہ ہمیں اپنی بیٹیوں کے قدم روکنے کی نہیں، ان کے خوابوں کو پرواز دینے کی ضرورت ہے۔
کیفی اعظمی کے ان لازوال اشعار کے ساتھ آپ سے اجازت چاہوں گا۔ شاید اس سے زیادہ خوبصورت اور بامعنی بات کہنے کی مجھ میں ہمت نہیں۔ بس میں ہر بہن بیٹی سےاتنا کہوں گا کہ اپنی ذات کی خوشبو، اپنے خوابوں کی روشنی اور اپنے قدموں کی موسیقی کبھی مدھم نہ ہونے دینا۔ تمہاری پرواز ہی آنے والی نسلوں کے لیے نئے آسمان تخلیق کرے گی۔ کیفی اعظمی کہتے ہیں؎
قدر اب تک تیری تاریخ نے جانی ہی نہیں
تجھ میں شعلے بھی ہیں بس اشک فشانی ہی نہیں
تو حقیقت بھی ہے، دلچسپ کہانی ہی نہیں
تیری ہستی بھی ہے ایک چیز، جوانی ہی نہیں
اپنی تاریخ کا عنوان بدلنا ہے تجھے
اُٹھ میری جان! میرے ساتھ ہی چلنا ہے تجھے
تو فلاطون و ارسطو ہے تو زہرا پرویں
تیرے قبضہ میں ہے گردوں تری ٹھوکر میں زمیں
ہاں اٹھا جلد اٹھا پائے مقدر سے جبیں
میں بھی رکنے کا نہیں وقت بھی رکنے کا نہیں
لڑکھڑائے گی کہاں تک کہ سنبھلنا ہے تجھے
اُٹھ مری جان !مرے ساتھ ہی چلنا ہے تجھے