تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چترال کے ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال، مطالبہ منظور نہ ہونے کی صورت میں صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چترال کے ملازمین نے ٹی ایم اے اسٹاف کے تنخواہوں کی ادائیگی اکاونٹ فور کے ذریعے کرنے کے مطالبے کے حق میں ہڑتال کیا جبکہ مطالبہ منظور نہ ہونے کی صورت میں خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹی ایم اے کے احاطے میں قائم ہڑتالی کیمپ میں مقامی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ٹی ایم اے ورکرز یونین کے صدر سیف الاعظم اور جنرل سیکرٹری محمد فرید ظاہر نے کہاکہ موجودہ سسٹم کے تحت صوبہ بھر میں ٹی ایم اے کے ملازمین کو بروقت تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ہمیشہ مالی پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں اور ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آتی ہے جس کا واحد حل ملازمین کو اکاونٹ فور کے ذریعے تنخواہوں کی ادائیگی ہے۔ا نہوں نے یونین کے صوبائی صدر حاجی انور کمال مروت اور جنرل سیکرٹری سلمان ہوتی کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ چترال ٹی ایم اے کے ملازمین احتجاج کے اگلے مرحلے کے لئے صوبائی قیادت کی کال کا انتظارکریں گے جس پر لبیک کہتے ہوئے وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔


