،تریچ میر ٹریکنگ کے دوسرے مرحلے کاآغاز، ٹریکرزچترال سے براستہ پختوری،اوویر شبرونز اور پھر شوخورشال کیمپ پرقیام کرنے کے بعدآخری روز تریچ میر بیس کیمپ پہنچیں گے
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کی ہدایات اور صوبائی حکومت کے تعاون سے تریچ میر بیس کیمپ ٹریکنگ کا دوسرا گروپ چترال سے تریچ میر کیلئے روانہ ہوگیا۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اورتریچ میر بیک پیکرز کلب کے زیر انتظام ٹریکنگ کے دوسرے مرحلے میں 20 افراد پر مشتمل گروپ چترال سے براستہ موروئی، کوغزی، ریشن سے گلغاری پختوری پہنچے گے جہاں قیام کے بعد دوسرے روز اوویر شبرونز سے ٹریکنگ کا آغاز کرتے ہوئے شوخورشال کیمپ پر پڑاؤ ڈالے گے۔ ٹریکرز اگلے روز اوویر شبرونز سے شوخورشال کیمپ اور پھر تریچ میر بیس کیمپ تک جائینگے۔ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم مہمان خصوصی تھے جنہوں نے تمام ٹریکرز کو خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کیساتھ انہیں رخصت کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کا کہنا تھا کہ ٹریکنگ سے نہ صرف مقامی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ مقامی ہوٹلز اور پورٹرز کو بھی معاشی طور پر فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس ایونٹ کے مستقبل میں نتائج ملیں گے اور کثیر تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح چترال اور تریچ میر چوٹی کا رخ کرینگے۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے ٹریکرز کو ٹی شرٹس، کیپ اور پانی کی بوتلیں فراہم کی گئیں۔ تریچ میر ٹریکرز پر مشتمل تیسرا گروپ اگست کے پہلے ہفتے میں بیس کیمپ کیلئے روانہ ہوگا جس میں ملک کے مختلف صوبوں سے خواتین ٹریکرز شامل ہونگیں۔




