آیون میں پیسکو کے غیر منصوبہ بند کھمبوں کی تنصیب پر ویلج کونسل آیون ون کا اظہارِ تشویش
آیون میں پیسکو کے غیر منصوبہ بند کھمبوں کی تنصیب پر ویلج کونسل آیون ون کا اظہارِ تشویش
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ویلج کونسل آیون ون نے محکمہ پیسکو کی جانب سے علاقہ آیون میں بغیر نقشہ اور غیر منصوبہ بندی کے بجلی کے کھمبے نصب کرنے پر سخت تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ویلج کونسل آفس میں منعقدہ اجلاس میں چیئرمین ویلج کونسل آیون ون وجیہ الدین، چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی وی سی ون مسعود الرحمن، اور کسان کونسلر قاری اسرار احمد نے کہا کہ پیسکو نے کھمبے نصب کرتے وقت پہلے سے موجود ایس آر ایس پی کے پولز اور لائنوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا ہے، جس سے دونوں لائنوں میں ٹکراؤ کے سنگین خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
عوامی شکایات کے مطابق ٹھیکیدار بغیر کوئی باقاعدہ لے آؤٹ یا نقشہ استعمال کیے کھمبے نصب کر رہا ہے، جس سے ایس آر ایس پی اور پیسکو کی لائنیں آپس میں ٹکرا سکتی ہیں۔
قانونی طور پر نئی لائنیں کم از کم پندرہ فٹ کے فاصلے سے بچھانا ضروری ہے، مگر محکمہ اور ٹھیکیدار اس تقاضے کو نظرانداز کر کے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مقررین نے خبردار کیا کہ اس غیر دانشمندانہ عمل کی وجہ سے سردیوں میں بارش، برفباری یا تیز ہوا کے دوران دونوں ٹرانسمیشن لائنوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اور علاقہ مکینوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
چیئرمین ویلج کونسل آیون ون نے عوام سے اپیل کی کہ: “ٹھیکیدار کو فی الحال کھمبوں کی تنصیب سے روکیں، جب تک باقاعدہ اور محفوظ طریقہ کار کے مطابق کام کا آغاز نہیں کیا جاتا، بصورت دیگر عوام ردعمل دینے پر مجبور ہوگی۔”


