روز چترال کی طرف سے پہلی مرتبہ پی ایچ ڈی اسکالرشپ کا اجرا، اپرچترال کی طالبہ کرن کو نوٹفیکشن لیٹر جاری
روز چترال کی طرف سے پہلی مرتبہ پی ایچ ڈی اسکالرشپ کا اجرا، اپرچترال کی طالبہ کرن کو نوٹفیکشن لیٹر جاری
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) روز چترال کے دفتر میں ایک تاریخی اور منفرد موقع پر پہلی مرتبہ پی ایچ ڈی اسکالرشپ ایوارڈنگ تقریب منعقد کی گئی، جس میں خالد بن ولید میموریل اسکالرشپ کے تحت اسلامیات میں پی ایچ ڈی کے لیے کرن، ساکن کشم اپر چترال، کو رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں داخلے کے لیے باضابطہ نومینیشن لیٹر جاری کیا گیا۔
اس پروقار تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ مسرت جبین، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چترال تھیں، جبکہ روز چترال کی ایگزیکٹو باڈی ممبر محترمہ فریدہ سلطانہ فری بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ معزز مہمانوں نے چترال میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، خصوصاً خواتین کی تعلیم کے لیے روز چترال کی خدمات کو سراہا اور اسے قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔
تقریب کے دوران بتایا گیا کہ طالبہ کرن نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں یہ نشست ایک سخت اور مسابقتی انتخابی عمل کے بعد حاصل کی ہے۔ وہ اس سے قبل جامعہ اشرفیہ لاہور سے عالمہ کورس بھی مکمل کر چکی ہیں، جو ان کی علمی و دینی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ روز چترال نے اس قابل اور محنتی طالبہ کی اعلیٰ تعلیمی جدوجہد میں معاونت پر فخر کا اظہار کیا۔
یہ اسکالرشپ روز چترال کی جانب سے دی جانے والی 729ویں اسکالرشپ ہے، جو رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے تعاون سے 80 فیصد ٹیوشن فیس میں رعایت کے ساتھ فراہم کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں طالبہ کو تقریباً دو لاکھ نوے ہزار روپے کی مالی سہولت حاصل ہوگی۔ یہ اقدام روز چترال اور اس کے شراکت دار اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کا عملی مظہر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی محترمہ مسرت جبین نے روز چترال کی وژنری قیادت اور تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بالخصوص خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ادارے کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے خواتین ڈاکٹرز، وکلا اور دیگر پیشہ ور خواتین سے اپیل کی کہ وہ اس نیک مقصد کے لیے روز چترال کے ساتھ تعاون کریں تاکہ چترال کی مزید بچیاں اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی تعلیم کے فروغ، خاص طور پر خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے لیے روز چترال کی کوششوں کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
