وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے زیر صدارت محکمہ صحت کا اعلیٰ سطحی اجلاس، ملاکنڈ ڈویژن میں ایک ہزار بیڈز پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرشری کیئر اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے زیر صدارت محکمہ صحت کا اعلیٰ سطحی اجلاس، ملاکنڈ ڈویژن میں ایک ہزار بیڈز پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرشری کیئر اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملاکنڈ ڈویژن میں ایک ہزار بیڈز پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرشری کیئر اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس منصوبے پر ملاکنڈ ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں سے مشاورت کے ساتھ پیش رفت کی جائے تاکہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ ٹرشری کیئر اسپتال کیلئے درکار زمین کی خریداری کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ٹرشری کیئر اسپتال کے قیام سے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو بڑا طبی ریلیف ملے گا اور شہریوں کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے اسپتال میں ایمرجنسی، دل کے امراض اور کڈنی ٹرانسپلانٹ سمیت جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے مریضوں کو علاج کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا جبکہ اس منصوبے سے صوبے میں صحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کا نظام صحت پر اعتماد بھی بڑھے گا۔ صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان ،اراکین قومی اسمبلی جنید اکبر ، ڈاکٹر امجد ، اراکین صوبائی اسمبلی شکیل خان اور پیر مصور کے علاوہ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
