The Voice of Chitral since 2004
Friday, 1 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

خیبر پختونخوا انڈر 21 گیمز 2026 میں ضلع اپر اور لوئر چترال سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی ، متعدد میڈلز جیت کر ملاکنڈ ڈویژن کا نام روشن کردیا ، ڈپٹی کمشنر کی طرف سے مبارکباد

خیبر پختونخوا انڈر 21 گیمز 2026 میں ضلع اپر اور لوئر چترال سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی ، متعدد میڈلز جیت کر ملاکنڈ ڈویژن کا نام روشن کردیا ، ڈپٹی کمشنر کی طرف سے مبارکباد

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر پختونخوا انڈر 21 گیمز 2026 میں ضلع اپر اور لوئر چترال سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا اور ملاکنڈ ریجن کا نام روشن کیا۔

ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں انڈر 21 ویمن ایتھلیٹکس کیٹیگری میں ملاکنڈ ریجن نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کامیابی میں ضلع چترال سے تعلق رکھنے والی مس سیدا انمول ( ساکن چوئنج مستوج)، مہک مسکان (ساکن پرکوسپ مستوج) اور مہک (موغ، گرم چشمہ) نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔

اسی طرح خواتین فٹسال کے مقابلوں میں بھی ملاکنڈ ریجن نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چیمپئن شپ جیت لی۔ اس ایونٹ میں مس مشودہ (بونی)، طیبہ (پراوک)، ثنا (پراوک)، عشرت سہیل (بونی)، اعراج ذوہیب (بونی)، علیزہ (بونی) اور عریشہ جبار (بونی) نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے گولڈ میڈلز حاصل کیے۔

مزید برآں مردوں کے فٹبال مقابلوں میں بھی ملاکنڈ ریجن نے چیمپئن ٹرافی اپنے نام کر لی۔ اس کامیابی میں عارف اللہ، سہیل، ابو بکر اور منصور نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے خیبر پختونخوا فٹبال چیمپئن شپ 2026 کے ابھرتے ہوئے ستاروں کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔

انڈر 21 گیمز 2026 میں کھلاڑیوں کی اس شاندار کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے تمام کامیاب کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی محنت، لگن اور صلاحیتوں سے نہ صرف ضلع بلکہ پورے ملاکنڈ ریجن کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

چترال کے نوجوان کھلاڑیوں کی یہ کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ صوبائی اور قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں، اور کھیلوں کے میدان میں ان کا مستقبل نہایت روشن ہے۔

chitraltimes mahak from chitral got gold medal in under 21games chitraltimes chitrali players shine in under 21games 3

chitraltimes chitrali players shine in under 21games 2

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
117897