The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 5 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

یو اے ای کے صدر اور مریم نواز کی ’فیک‘ ویڈیوز، تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلانے والے 3 ملزم گرفتار

Posted on

یو اے ای کے صدر اور مریم نواز کی ’فیک‘ ویڈیوز، تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلانے والے 3 ملزم گرفتار

لاہور(چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے متحدہ عرب امارت (یو اے ای) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے جعلی تصاویر اور ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر پھیلانے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے ابتدائی طور پر 20 ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جن کے ذریعے یہ تصاویر اور ویڈیوز پھیلائی گئیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے مقدمات کا اندراج کرکے گرفتاریاں شروع کر دیں، تحقیقات کا دائرہ کار بھی وسیع کر کے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور لاہور جے آئی ٹی میں شامل ہیں، جے آئی ٹی ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری سرفراز کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سائبر پٹرولنگ سے اے آئی ویڈیوز اور تصاویر اپ لوڈ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے بعد مقدمات کا اندراج کیا۔

حکام کے مطابق ایف آئی اے نے تحقیقات ’سورس رپورٹ‘ کے بعد شروع کیں، جن ملزمان کو گرفتار کیا گیا انہی کے اکاؤنٹس سے فیک تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر کے منفی تاثر پھیلایا گیا۔ایف آئی اے نے ایکشن لیتے ہوئے 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، جب کہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کام جاری ہے۔واضح رہے کہ 7 جنوری 2025 سے سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر متعدد صارفین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان مبینہ ملاقات کی مختلف ویڈیوز شیئر کیں، تاہم یہ ویڈیوز جعلی تھیں اور اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی تھیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید سے ’گلے ملنے‘ کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم نے تحقیقات کی اور اس بات کا تعین کیا تھا کہ یہ جعلی ویڈیو تھی۔

وزیراعظم کا فیس لیس کسٹمز اسیسمینٹ سسٹم تیار، نافذ کرنے والی ٹیم کیلیے 1.5 کروڑ روپے انعام کا اعلان

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم شہباز شریف نے فیس لیس کسٹمز اسیسمینٹ سسٹم کی تیاراورنافذ کرنے والی ٹیم کو 1.5 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف کلکٹر کسٹمز کراچی زون جمیل ناصر نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ کی تیار اور نفاذ کرنے کے حوالے سے جمیل ناصر اورکسٹمز کراچی زون میں ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمینٹ سسٹم کی بدولت کسٹم آپریشنز میں شفافیت، کارکردگی اور خدمات کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ فیس لیس کسٹمز سسٹم کو عالمی معیار اور فول پروف بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز خصوصاً مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے۔ منصفانہ، شفاف اور مؤثر کسٹمز سسٹم کو یقینی بنانے کے لئے کسٹم نظام میں مزید جدت لائی جائے جو کہ بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ ملک میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کے حوالے سے یہ سسٹم اہم سنگ میل ہے۔ فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم ایف بی آرکی ڈیجیٹائزیشن کی جانب اہم قدم ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
97949