The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 26 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پہنچ گیا، یوٹیلیٹی اسٹورز کے تینوں قسم کے ملازمین کو پیکج دینے کا فیصلہ 

Posted on

یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پہنچ گیا، یوٹیلیٹی اسٹورز کے تینوں قسم کے ملازمین کو پیکج دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز )یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پہنچ گیا۔چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ یہ کیا تْک بنتی ہے کہ ایم ڈی کو تنخواہ مل رہی ہے اور ملازمین کو نہیں۔رکن پی اے سی عامر ڈوگر نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے 14 ہزار ملازمین کا روزگار چھینا جا رہا ہے۔سیکریٹری صنعت نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے پاس اپنا ریونیو نہیں ہے کہ تنخواہیں دے سکے، یوٹیلیٹی اسٹورز پہلے اپنے اخراجات خود اٹھاتے تھے، ہم نے فنانس ڈویڑن سے بجٹ میں بھی یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے رقم کا کہا تھا، بدقسمتی سے بجٹ میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے رقم مختص نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ یوٹیلیٹی اسٹورز کا پرانا ماڈل ناممکن ہوگیا، وفاقی حکومت سبسڈی دے رہی تھی تو اسٹورز چل رہے تھے، اشیاء پر سبسڈی دینا پڑتی تھی وہ شفاف طریقے سے آگے ٹرانسفر نہیں ہوتی تھی۔جنید اکبر نے کہا کہ یہاں تو روزانہ اس طرح کے کیسز آتے ہیں تو کیا سب ادارے ختم کر دیں، آپ نے سترہ سترہ سال سے کنٹریکٹ پر لوگ رکھے ہوئے تھے، ان غریبوں کا کیا بنے گا۔سیکریٹری صنعت نے کہا کہ ہم جمعے تک یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے لیے فائنل پیکج لے آئیں گے، یوٹیلیٹی اسٹورز میں کنٹریکٹ، ریگولر اور ڈیلی ویجز ملازمین ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کے تینوں قسم کے ملازمین کو پیکج ملے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جی ایچ کیو حملہ کیس: عمر ایوب، شبلی فراز سمیت 14 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی( چترال ٹائمزرپورٹ)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز سمیت 14 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کر دیے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 9 مئی جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس سمیت 12 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔دوران سماعت عدالت نے ملزمان کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی، سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، سابق ایم این اے صداقت عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت میں عمر ایوب، شبلی فراز شیخ راشد شفیق، کنول شوذب سمیت 14 ملزمان کی جانب سے آج تاریخ پیشی سے حاضری معافی کی درخوادستیں دائر کی گئیں۔جس پر پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے حاضری معافی کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا یہ ملزمان فیصل آباد انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور انہوں نے خود کو قانون کے حوالے نہیں کیا اور بھاگے ہوئے ہیں

ان ملزمان کی حاضری سے معافی کی درخواستیں منظور نہیں کی جاسکتیں۔جس عدالت نے سخت نوٹس لیتے عمر ایوب، شبلی فراز، کنول شوذب، شیخ راشد شفیق سمیت 14 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 12 مقدمات کی سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔۔پس منظر۔۔۔یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

طلبا کو منشیات فروخت کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب، غیر ملکی خاتون گرفتار

اسلام آباد(سی ایم لنکس)اسلام آباد میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی بڑی کارروائی میں طلبا کو منشیات فروخت کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔کارروائی کے دوران غیر ملکی خاتون منشیات فروش کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ نائجیرین خاتون کی شناخت وصیلت اموسا عرف علابہ کے نام سے ہوئی ہے جسے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ تھرٹین کے فلیٹ سے گرفتار کیا گیا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق خاتون کے فلیٹ سے 180 گرام کوکین برآمد ہوئی۔ ملزمہ کا تعلق نائیجیریا کے شہر لاگوس سے ہے اور اس کا پاسپورٹ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار خاتون طلبا کو منشیات کی فراہمی میں بھی ملوث تھی۔اس سے قبل بھی متعدد نائجیرین منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
113198