وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے محکمہ ایکسائز کے تحت صوبہ بھر میں گاڑیوں کے لئے یونیورسل نمبر پلیٹس سسٹم اور پراپرٹی ٹیکس جمع کرانے کےلئے پبلک فیسیلیٹیشن ماڈیول کا اجراءکر دیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے محکمہ ایکسائز کے تحت صوبہ بھر میں گاڑیوں کے لئے یونیورسل نمبر پلیٹس سسٹم اور پراپرٹی ٹیکس جمع کرانے کےلئے پبلک فیسیلیٹیشن ماڈیول کا اجراءکر دیا
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے سرکاری محکموں میں ای گورننس اور سرکاری امور کی ڈیجیٹائزیشن کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر محکمہ ایکسائز کے تحت صوبہ بھر میں گاڑیوں کے لئے یونیورسل نمبر پلیٹس سسٹم اور پراپرٹی ٹیکس جمع کرانے کےلئے پبلک فیسیلیٹیشن ماڈیول کا اجراءکر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز میاں خلیق الرحمن کے علاوہ قائم مقام چیف سیکرٹری محمد عابد مجید ، سیکرٹری ایکسائز فیاض علی شاہ اور محکمہ ایکسائز کے دیگر حکام تقریب میں شریک ہوئے۔ یونیورسل نمبر پلیٹ سسٹم اور پبلک فیسیلیٹیشن ماڈیول بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پراپرٹی ٹیکس جمع کرانے کیلئے پبلک فیسیلیٹیشن ماڈیول اینڈ رائڈ ایپ اور ویب ماڈیول پر مشتمل ہے ، جس کے ذریعے ٹیکس دہندگان کسی بھی جگہ سے اپنے ٹیکس ریکارڈ تک آن لائن رسائی کے ساتھ ساتھ اپنا چالان بھی آن لائن حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ اس ماڈیول کے تحت ٹیکس دہندگان کےلئے آن لائن ٹیکس کیلکولیٹر بھی فراہم کیا گیا ہے جس کے ذریعے وہ خود بھی ٹیکس کی شرح کا تعین کر سکتے ہیں۔ مزید بتایاگیا کہ ٹیکس دہندگا ن کو ٹیکس سے متعلق معلومات یا ٹیکس جمع کرانے کےلئے دفتروں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے ، اس آن لائن سسٹم کے اجراءسے پراپرٹی ٹیکس کے جملہ امور میں شفافیت یقینی ہونے کے ساتھ ساتھ محکمہ کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔تقریب کے شرکاءکو بتایا گیا کہ نئے آن لائن سسٹم میں ٹیکس دہندگان کی شکایات کے فوری ازالے کا نظام بھی موجود ہے۔ ابتدائی طور پر یہ سسٹم صوبے کے تین اضلاع میں شروع کیا جارہا ہے جسے اگلے مرحلے میں پورے صوبے تک توسیع دی جائے گی۔ اس سسٹم کے اجراءسے ٹیکسوں کی وصولیوں میں پانچ ارب روپے سالانہ کا اضافہ ہوگا۔ یونیورسل نمبر پلیٹ سسٹم بارے بتایاگیا کہ شہری گاڑیوں کی رجسٹریشن ، تجدید ، ادائیگیوں اور دیگر امور کیلئے موبائل ایپ اور ویب کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اس سسٹم کے تحت پورے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا سارا عمل ڈیجیٹائز اور سنٹرلائزہو جائے گا جبکہ اس جدید نظام سے چوری شدہ گاڑیوں کے استعمال کا موثر تدارک بھی یقینی ہوگا۔ آن لائن موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم سے دیگر امور کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن فیس کی ادائیگی بھی آن لائن کی جا سکے گی۔
وزیراعلی علی امین خان گنڈا پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹائزیشن انتہائی ضروری ہے، صوبائی حکومت اپنی ای گورننس پالیسی کے تحت دیگر تمام محکموں کے امور کو بھی ڈیجیٹائز کرنے پر کام کر رہی ہے جس سے نہ صرف سرکاری محکموں میں شفافیت آئے گی بلکہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی بھی یقینی ہوگی۔ انہو ں نے کہا کہ آن لائن ٹیکس سسٹم اور موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا اجراءاس سلسلے میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔ ٹیکس جمع کرانے کے آن لائن نظام سے عوام کا اعتماد بڑھنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں ٹیکس کلچر کو بھی فروغ ملے گا۔ اس کے علاوہ آن لائن نظام سے پیپر ورک کا خاتمہ ہوگا اور محکمہ کے انتظامی اخراجات میںکمی آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر محکمہ ایکسائز کی پور ی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے محکمہ ایکسائز ڈیجیٹائزیشن کے دیگر امور بھی مقررہ وقت میں مکمل کرے گا، آن لائن ٹیکس سسٹم سے ٹیکس دہندگا ن کو بہت ساری سہولیات میسر ہوںگی جن سے شہریوں کے وقت اور وسائل دونوں کی بچت ہوگی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت استعداد کے حامل محکموں پر خاطر خواہ سرمایہ کاری کر رہی ہے جس کا مقصدان کی استعداد کو بڑھا کر صوبے کو مالی طور پر خود کفیل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے لئے عمران خان کے وژن کے مطابق ایک جامع حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، موجودہ صوبائی حکومت کے ان اقدامات کی بدولت صوبے کی آمدن میں اب تک 40 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومت اپنی آمدن میں اضافے کےلئے مزید اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے سے منشیات کا خاتمہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، محکمہ ایکسائز اور نارکوٹیکس کنٹرول منشیات کی روک تھام کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا مو¿ثر استعمال عمل میں لائے ، صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے درکار مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکا عید میلا د النبی ﷺکے حوالے سے پیغام
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ) عید میلادالنبیﷺ کے اس مبارک موقع پرمیں پوری اُمت مسلمہ باالخصوص اہل پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں۔ حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کے لئے باعث سعادت و رحمت ہے اور آپ کی آفاقی تعلیمات نے بنی نوع انسان کو اندھیروں سے نکال کر انسانیت کی معراج تک پہنچا دیا۔
آپﷺ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے، آپ ﷺ سے محبت ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے اور آپ ﷺ کی اسوہ حسنہ تمام انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر انسان دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوسکتا ہے۔آپﷺ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت ، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔ آپ ﷺکاخطبہ حجتہ الوداع ایسامنشور ہے جو رہتی دنیاتک نہ صرف مسلمانوںبلکہ دنیابھرکے انسانوں کی رہنمائی کاسرچشمہ ہے۔ یہ رحمت اللعالمین کی تعلیمات کاکرشمہ تھاجس نے سب کو ایک صف میں کھڑاکرکے آقاوغلام کافرق مٹادیااور بلاامتیازرنگ و نسل فلاح انسانیت کادرس دیاجس کی بدولت اسلام دنےا کے کونے کونے تک پھیل گیا۔ محسن انسانیت کایہ انقلاب انسانی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔ آپ ﷺانسانیت کے نجات دہندہ اورحقیقی محسن ہیں۔ ہمیںکامےابی کےلئے اپنی زندگیوںمیں امانت ،دیانت ،خیرخواہی اوراسلامی بھائی چارے کوفروغ دےنا ہو گا۔ریاست مدینہ کے سنہرے ا±صولوں کو اپنا کرہی ایک ترقیافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔آج کے بابرکت دن کے موقع پر بحیثیت مسلمان ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیئے کہ ہم اسوئہ حسنہ کی روشنی میں ناصرف اپنے کردار و عمل کی اصلاح کریں گے بلکہ ایک حقیقی فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے بھی حسب استطاعت اپنا کردار ادا کریں گے۔