پرائس ریویو کمیٹی کی جانب سے چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوامی حلقوں نے مسترد کردیا، نظرثانی کامطالبہ
پرائس ریویو کمیٹی کی جانب سے چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوامی حلقوں نے مسترد کردیا، نظرثانی کامطالبہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلعی انتظامیہ اور پرائس ریویو کمیٹی کی جانب سے چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پرعوام نالاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ دنوں پرائس ریویوکمیٹی کے اجلاس کے بعد چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس سے عوام میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
انتظامیہ کے جاری کردہ نئے نرخ نامے کے مطابق، چھوٹے گوشت کی فی کلو قیمت 1400 روپے اور بڑے گوشت کی فی کلو قیمت 1000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
بعض صارفین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شکایت کی کہ قصاب پچھڑے کے گوشت کو بھی چھوٹا گوشت قرار دے کر مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں، جو کہ سراسر زیادتی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے گوشت کی قیمت میں حالیہ اضافہ بلاجواز ہے اور یہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو مزید مشکلات میں مبتلا کرنے کے مترادف ہے۔
صارفین نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
