The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 12 August 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے شمالی اضلاع کے لیے گلاف کا نیا الرٹ جاری کردیا، بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات کی ابتدائی رپورٹ جاری

Posted on

پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے شمالی اضلاع کے لیے گلاف کا نیا الرٹ جاری کردیا، بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات کی ابتدائی رپورٹ جاری

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے خیبرپختونخوا میں رواں ہفتے بارشوں کے جاری سلسلے کی پیشگوئی کی ہے جس کے تحت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشیں اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ اس موسمی صورتحال کے باعث صوبے کے برف پوش شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلاف)، سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔اس تناظر میں، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چترال (اپر و لوئر)، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر کے ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا ہے۔ یہ اضلاع گلاف کے خطرے سے دوچار قرار دیے گئے ہیں۔یہ الرٹ پی ڈی ایم اے کے 15 جولائی 2025 کو جاری کردہ پہلے الرٹ کے تسلسل میں جاری کیا گیا ہے جس میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں گلاف سے متاثرہ ممکنہ مقامات کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ بروقت پیشگی وارننگ اور مؤثر ردعمل ممکن ہو۔خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والے عوام کو گلاف سے متعلق خطرات اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدیات کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کی جان و مال، مویشیوں، انفراسٹرکچر اور فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی تیاریوں کو یقینی بنائیں۔

خیبرپختونخوا نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 10 افراد جان بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد، 2 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبے میں مجموعی طور پر 10 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جن میں 8 مکانات کو جزوی اور 2 مکانات کو مکمل نقصان ہوا ہے۔ یہ حادثات ضلع سوات، باجوڑ، بونیر، کوہستان اپر، اپر چترال اور شانگلہ میں پیش آئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں بارشوں کا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ پی ڈی ایم اے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے جبکہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

؎

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
112129