The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 22 September 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ، خیبر پختونخوا کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے ساتھ اہم اجلاس میں تفصیلی مشاورت

Posted on

کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ، خیبر پختونخوا کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے ساتھ اہم اجلاس میں تفصیلی مشاورت

یہ منصوبہ امتحانی نظام  میں تبدیلی کے لیے حکومت کا انقلابی اقدام ہے، جو شفافیت اورمیرٹ کو یقینی بنائے گا: سیکرٹری اعلیٰ تعلیم
اس منصوبے کے لئے سرکاری یونیورسٹیوں کا تعاون ناگزیر ہے۔یہ تعاون اس کی کامیابی کی ضمانت  ہو گا: ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایٹا

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبر پختونخوا ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) نے امتحانی عمل میں جدت، شفافیت اور تیزی لانے کے لیے پیپر بیسڈ ٹیسٹنگ کو ختم کرتے ہوئے پشاور کے بعد پورے صوبے میں کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم کامران خان آفریدی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 28 سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور رجسٹرار شریک ہوئے۔

اجلاس کی صدارت سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم نے کی، جبکہ ایٹا کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کے نفاذ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت خیبر پختونخوا کی تعلیم کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے، جو شفافیت، میرٹ اور تیز رفتار امتحانی عمل کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور ایٹا کو مکمل تعاون فراہم کریں۔ایٹا کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عادل سعید صافی  نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کا جدید نظام امیدواروں کو فوری اور شفاف نتائج فراہم کرے گا۔ امتحانی عمل مکمل طور پر خودکار ہوگا، جس میں سوالات ایک بینک سے تصادفی (randomly) منتخب کیے جائیں گے۔ ہر امیدوار کو سوالات کی مختلف ترتیب ملے گی،

جس سے شفافیت یقینی بنائی جائے گی اور نقل کے امکانات کم ہوں گے۔ مزید برآں، نتائج امتحان کے فوراً بعد امیدوار کو فراہم کیے جائیں گے، جس سے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی۔اجلاس کے دوران وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی، وائس چانسلر ملاکنڈ یونیورسٹی، اور رجسٹرار خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے ایٹا کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ کو ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایٹا کی ٹیمیں آئندہ ہفتے سے یونیورسٹیوں کا دورہ کریں گی تاکہ کمپیوٹر لیبز، موجودہ انفراسٹرکچر اور دستیاب وسائل کے حوالے سے تفصیلات طے کی جا سکیں۔ یہ بھی طے پایا کہ سرکاری جامعات کے ساتھ ساتھ منتخب نجی تعلیمی اداروں کو بھی اس عمل کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ امیدواروں کو ان کے قریبی مقامات پر امتحان کی سہولت فراہم کی جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم نے ایٹا کی ٹیم اور اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام اداروں کے تعاون سے یہ منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا اور صوبے کے تعلیمی نظام میں بہتری کا باعث بنے گا۔

گرینڈ جرگہ کی کوششوں سے کرم کے دونوں فریقین کا ضلع کرم میں غیر معینہ مدت تک جنگ بندی پراتفاق

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی سربراہی میں کرم میں پائیدار امن کیلئے قائم گرینڈ جرگہ اورضلع کرم کے دونوں فریقین کے 100 سے زیادہ افراد کی مشترکہ نشست منعقد ہوئی جس میں ضلع کرم میں پائیدار امن کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ اس موقع پرڈی آئی جی کوہاٹ شیر اکبرخان بھی موجود تھے۔ گرینڈ جرگہ کے ارکان نے دونوں فریقین سے انفرادی اوراجتماعی ملاقاتیں کیں اورکئی گھنٹوں کی طویل مشاورت کے بعد اس بات پر متفق ہوگئے کہ ضلع کرم میں جنگ بندی غیر معینہ مدت تک ہوگی اورگرینڈ جرگہ کے حتمی فیصلے تک مورچے خالی رہیں گے۔فریقین نے عہد کیا کہ جنگ یا جھگڑے سے کسی مسئلے کاحل ممکن نہیں اورعشروں پر محیط اس مسئلے کے مستقل اورپائیدار حل کیلئے وقت ضرور درکار ہوگا تاہم اس کیلئے دونوں جانب سے اخلاص اور اعتماد کی ضرورت ہوگی۔ فریقین نے یہ بھی عہد کیا کہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل اورعلاقے کے امن کی خاطرکرم میں مکمل اورپائیدار امن کے قیام تک بیٹھے رہیں گے اوریہاں سے امن کا پیغام لے کر اپنے علاقوں کو جائیں گے۔کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ حکومت ضلع کرم میں دیرپا امن کے قیام کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا کرے گی اورہرصورت حکومتی عملداری یقینی بنائی جائے گی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
96387