The Voice of Chitral since 2004
Friday, 1 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

کراچی میں کھوار محفلِ مشاعرہ، چترالی ادب و ثقافت کا شاندار اظہار , کھوار اہلِ قلم حلقہ کراچی کی نئی کابینہ کا اعلان

کراچی میں کھوار محفلِ مشاعرہ، چترالی ادب و ثقافت کا شاندار اظہار , کھوار اہلِ قلم حلقہ کراچی کی نئی کابینہ کا اعلان

کراچی ( نمائندہ چترال ٹائمز ) کھوار اہلِ قلم حلقہ کراچی کے زیرِ اہتمام جمعرات کے روز مدرسہ امام محمد فیڈرل بی ایریا کراچی میں ایک محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چترال کے ممتاز شاعر و ادیب اور کھوار اہل قلم حلقہ کراچی کے سرپرستِ اعلیٰ مولانا لطیف الرحمن لطف نے کی مشاعرے میں شعراء اور ادب دوست حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر مومن آباد کراچی عمران الحق تھے، مشاعرے میں مدرسہ امام محمد کے نائب مدیر مفتی ولی اللہ چترالی ، مزار قائد کے فاتحہ خواں قاری شمس الدین سمیت چترال سے تعلق رکھنے والی متعدد سماجی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔
محفلِ مشاعرہ میں گلگت اور چترال سے تعلق رکھنے والے درجنوں نوجوان اور سینئر شعرا نے اپنے فکر انگیز اور دل نشیں کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ کلام پیش کرنے والوں میں لطیف الرحمن لطف، ڈاکٹر حسین ولی، علی عباس تشقری، فہیم الدین فہیم، شاہد انقلابی، قائد عالم قائد، ساحل اشرف ساحل، محمد طارق ایوبی، افضل الدین افضل، عدنان عافی، سلیم اکبر قلبی، توقیر احمد صدیقی، یاسر احمد فاروقی، غیاث الدین سوالی اور منور حسین شاکر شامل تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض کھوار اہلِ قلم حلقہ کے اراکین فہیم الدین فہم اور فضل رحیم بابا نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
مشاعرے کے اختتام پر مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر عمران الحق نے کالجوں، جامعات اور مدارس کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے چترال کی مختصر تاریخ، چترالی ثقافت، روایات اور باہمی بھائی چارے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی ادبی محافل کے ذریعے دو بلند پہاڑوں کے دامن میں آباد ایک چھوٹی سی وادی کی تہذیب و ثقافت کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر مولانا لطیف الرحمن لطف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گلگت کے شعرا کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کھوار اہلِ قلم حلقہ کراچی کی نئی کابینہ کا اعلان بھی کیا، جس میں گلگت کے نوجوانوں کو بھی تنظیمی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ تمام اراکین کے اتفاقِ رائے سے نئی کابینہ یوں تشکیل پائی:

سرپرست: مولانا محمد شفیع شاہد
نائب سرپرست: مفتی ولی اللہ
صدر: مولانا لطیف الرحمن لطف
نائب صدر: ڈاکٹر حسین ولی
جنرل سیکریٹری: علی عباس تشقری
فنانس سیکریٹری: فہیم الدین فہیم
انفارمیشن سیکریٹری: فضل رحیم بابا
معاون میڈیا انچارج: شاہد انقلابی

تقریب کے اختتام پر مزارِ قائد کے امام و خطیب قاری شمس الدین نے دعائیہ کلمات ادا کیے، جن سے محفل ایک روحانی اور پُراثر ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ بعد ازاں مفتی ولی اللہ کی جانب سے شرکائے محفل کے لیے پُرتکلف عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

یہ ادبی نشست نہ صرف کھوار زبان و ادب کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوئی بلکہ گلگت، چترال اور کراچی کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور ادبی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا سبب بھی بنی۔
 

chitraltimes khowar mushaira in karachi 2
 

chitraltimes khowar mushaira in karachi 1

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
117993