Chitral Times

خیبرپختونخوا حکومت نے کالام،کمراٹ اور چترال کیلئے مینجمنٹ منصوبوں کاآغازکردیا

Posted on

خیبرپختونخوا حکومت نے کالام،کمراٹ اور چترال کیلئے مینجمنٹ منصوبوں کاآغازکردیا
حکومت کا سیاحت کی ترقی کیلئے جامع پروگرام کیساتھ ذمہ دارانہ سیاحت کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے ورکشاپ منعقد ہوئی، سیاحت پر عملدرآمد رکھنے والوں کا روزگار بچایا جائے گا، مقررین

 

اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ) صوبہ خیبر پختونخوا کے تین سیاحتی مقامات کالام، کمراٹ اور چترال میں سیاحتی صنعت کی ترقی کیلئے مینجمنٹ منصوبے لانچ کر دئیے گئے۔یہ منصوبہ محکمہ ٹورازم نے ورلڈ بینک کے تعاون سے بنایااور اس پر عمل درآمدخیبر پختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم پراجیکٹ (کائیٹ)نے کیا۔ اس منصوبہ کے تحت سیاحتی مقامات میں سرکاری اور نجی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جائے گا۔انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا اور سیاحوں کیلئے سہولیات بڑھائی جائینگی۔ باقائدہ منصوبہ بندی کر کے سیاحت کی صنعت کو فروغ دیا جائے گی جبکہ سیاحت پر انحصار کرنے والے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا جائے گا اور انہیں قدرتی آفات سے بچانے کا انتظام بھی کیا جائے گا تاکہ وہ آئندہ ایسی آفات سے متاثر نہ ہوں۔

 

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ صوبہ میں سیاحت کی کافی استعداد موجود ہے اورمہمان نوازی کا کلچربھی یہاں موجود ہے جو سیاحت کی صنعت کے فروغ میں مددگار ثقابت ہوگا جبکہ حکومت سیاحت کو فروغ دینے کے علاوہ سیاحتی مقامات کی ترقی اور اس شعبہ میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس موقع پر صوبائی حکام اور دیگر مقررین نے صوبہ خیبر پختونخوا کے سیاحتی شعبہ میں سرکاری اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔تقریب میں سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و میوزیم محمد طاہر اورکزئی، پراجیکٹ ڈائریکٹر توصیف خالد، سینئر پرائیویٹ سیکٹر اسپیشلسٹ ورلڈ بینک کرن افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ حالیہ سیلاب میں سیاحتی مقامات بھی متاثر ہوئے اس لئے مستقبل میں ان علاقوں کو قدرتی آفات کے نقصانات سے بچانے کا انتظام کیا جائے گا جبکہ سیاحت پر انحصار کرنے والوں کے روزگار کو بچایا جائے گا۔

 

ورکشاپ کے دوران سی ای او سرینا پاکستان عزیز بولانی، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمان رانااور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کالاش ڈویلپمنٹ اتھارٹی شہزادہ مقصود الملک نے ایک مباحثے میں حصہ لیا۔ انہوں نے صوبہ میں سیاحت اور اسکے مسائل اور حل سمیت مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو ترقی دینے اور دیگر اقدامات سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا، ملک کا امیج بہتر ہو گا اور ملک زرمبادلہ بھی کمائے گا۔ مقررین نے عالمی بینک، محکمہ سیاحت، کائیٹ کی انتظامیہ کو انکی خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

chitraltimes kp tourisom meeting 1

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69278