The Voice of Chitral since 2004
Friday, 6 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

کابینہ سے آئینی ترامیم کی منظوری قوم کو مبارک، وزیراعظم ۔ کالے سانپ کے دانت توڑ کر زہر نکال دیا ہے، فضل الرحمان

Posted on

کابینہ سے آئینی ترامیم کی منظوری قوم کو مبارک، وزیراعظم ۔ کالے سانپ کے دانت توڑ کر زہر نکال دیا ہے، فضل الرحمان

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ سے 26 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ منظور ہونے پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلیے محنت جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترامیم کے مسودے کو منظوری کر لیا گیا۔ وزیراعظم نے مسودے کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔کابینہ اجلاس سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور ملکی حالات کی بہتری کیلیے کابینہ نے بہترین فیصلہ کیا۔ پوری قوم کو 26 ویں آئینی ترمیم کی کابینہ سے منظوری کی مبارکباد دیتا ہوں اور عزم کرتا ہوں کہ عوام سے کیے گئے وعدے کے مطابق ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے محنت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ترقی اور عوامی فلاح کے حلف کی پاسداری کر کے ملکی وسیع مفاد میں فیصلہ کیا۔ معاشی استحکام کے بعد آئینی استحکام اور قانون کی حکمرانی کیلیے سنگ میل عبور ہوا۔وزیراعظم نے اس حوالے سے اتحادی جماعتوں کیسربراہان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو، اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی، رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کی کوششوں کو سراہا۔واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے اب سے کچھ دیر قبل مجوزہ 26 ویں آئینی ترمیم بل کی منظوری دے دی ہے یہ بل آج قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

کالے سانپ کے دانت توڑ کر زہر نکال دیا ہے، فضل الرحمان

اسلام آباد(سی ایم لنکس)اپوزیشن پارٹی جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے کالے سانپ کے دانت توڑ کر زہر نکال دیا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے 26ویں آئینی ترمیم کے عمل میں کالے سانپ کے دانت توڑ کر زہر نکال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو آئینی ترمیم کے متن پر اعتراض نہیں، جو ان کے بانی کے ساتھ اور پارٹی کے ساتھ ہوا، اْس پر تحریک انصاف کا اختلاف بنتا ہے۔جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ کسی نہ کسی درجے میں اعتراض رہ ہی جاتا ہے، سمجھتا ہوں پی ٹی آئی نے جائز احتجاج کیا ہے، ہم اس سارے معاملہ میں کسی سے جبر نہیں کرسکتے۔ان کا کہنا تھا کہ احتجاجاً ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہ لینا تحریک انصاف کا حق ہے، اولین حکومتی بل میں جتنے قابل اعتراض نکات تھے نکال دیے گئے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ آئین قوم کا ہوتا ہے، ہم نے مل کر محنت کی، لیکن ایک پارٹی کی اپنی کوشش ہوتی ہے، ہم نے لمبا عرصہ نمائش کیلیے تو نہیں گزارا، جو بل ہم نے مسترد کیا تھا اس کو تبدیل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سنیارٹی کے ساتھ کارکردگی کی بھی اپنی اہمیت ہوتی ہے، آئین قوم کے مفاد کیلیے بنایا جاتا ہے۔ آئین پاکستان تب بنا جب بلوچستان اسمبلی کو توڑ دیا گیا تھا۔جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ہم نے آئینی پیکج پر اتفاق کیا اس کے جزئیات پر نہیں، ملکی سطح پر اتفاق رائے ہو رہا ہے، ابھی بھی مفاہمت کا وقت ہے، بل پیش نہیں ہوا، ہم مفاہمت کی آخری کوشش کریں گے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
94566