The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 24 June 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس، صوبے کے 21 اضلاع میں سی ٹی ڈی دفاتر کی تعمیر سے متعلق منجمد ترقیاتی منصوبے کو بحال کرنے کا فیصلہ 

Posted on

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس، صوبے کے 21 اضلاع میں سی ٹی ڈی دفاتر کی تعمیر سے متعلق منجمد ترقیاتی منصوبے کو بحال کرنے کا فیصلہ

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا ایک اہم اجلاس وزیر اعلی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبے میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات، ادارہ جاتی اصلاحات، انفراسٹرکچر کی توسیع اور افرادی قوت میں اضافے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کے 186 ڈیٹیکٹیوز کو 638 مستقل فیلڈ آپریٹرز میں تبدیل کرنے کی اصولی منظوری دی اور واضح کیا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام کے لیے پوری سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ کام کر رہی ہے، اس سلسلے میں وسائل کی کمی کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ فیلڈ آپریٹرز سائبر پیٹرولنگ، انٹیلیجنس، سرویلنس اور فیلڈ آپریشنز سمیت جدید تقاضوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے جس سے ادارے کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں پشاور میں نئے سی ٹی ڈی ریجنل ہیڈکوارٹرز کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔

اسی طرح صوبے کے 21 اضلاع میں سی ٹی ڈی دفاتر کی تعمیر سے متعلق منجمد ترقیاتی منصوبے کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس پر مجموعی طور پر 4 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کا مقصد ضلعی سطح پر سی ٹی ڈی کے دائرہ کار میں توسیع اور ادارے کی رسائی کو مزید موثر بنانا ہے۔مزید برآں، وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کے لیے گاڑیوں، اسلحہ اور جدید آلات کی فراہمی کے لیے 7 ارب 77 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی، تاکہ فورس کو جدید تقاضوں کے مطابق موثر بنایا جاسکے۔

محمد سہیل آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سی ٹی ڈی اصلاحات، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور نئی بھرتیوں پر عملدرآمد کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق ہر صورت یقینی بنائے اور تمام تعمیراتی منصوبوں میں سیکیورٹی اور سیفٹی پروٹوکولز پر عملدرآمد کے لیے خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور سی ٹی ڈی کی موجودہ استعداد، کارکردگی، درپیش چیلنجز اور ادارے کی مزید مضبوطی سے متعلق مجوزہ اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
116361