The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 7 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

ڈیجیٹل مردم شماری مارچ تک جاری رہے گی جس کے بعد الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کیلئے 4 ماہ درکار ہوں گے،وفاقی وزیر سید امین الحق

Posted on

ڈیجیٹل مردم شماری مارچ تک جاری رہے گی جس کے بعد الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کیلئے 4 ماہ درکار ہوں گے،وفاقی وزیر سید امین الحق

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے واضح کیا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری مارچ تک جاری رہے گی جس کے بعد الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کیلئے 4 ماہ درکار ہوں گے لہٰذا عام انتخابات کا انتخابات اکتوبر 2023 سے پہلے ممکن نہیں، سابق وزیراعظم عمران خان سیاسی جد وجہد آئین و قانون کے دائرے میں کریں ریڈ لائن کراس کریں گے تو نقصان ملک و قوم کا ہوگا۔ کوئی کمپنی آئے یا جائے، صارفین اور ملازمین کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انھوں نے یہ بات بدھ کو یہاں مقامی ہوٹل میں نمبر ریسورس سوسائٹی کے زیراہتمام انٹرنیٹ گورننس کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔تقریب سے لاروس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو لو ہینگ، میلون چینگ، کاشف نواز اور محمد اسماعیل سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، ڈائریکٹر وائرلیس جہانزیب سمیت دیگر افسران و آئی ٹی انڈسٹری کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ سیاسی بے چینی بڑھ رہی ہے اور یہی سیاسی بے چینی ملک کومعاشی بد حالی کی طرف لے کر جا رہی ہے، ایک سیاسی جماعت کے طور پر ہماری خواہش ہے کہ ملک میں استحکام ہواور ملک میں ہر صورت میں جمہوریت قائم و دائم رہنی چاہئے۔

لاء اینڈ آرڈر پر گہری نظر رکھی جائے۔طالبانائزیشن کے نام پر پاکستان میں لاء اینڈ آرڈر خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاور بلیک آؤٹ پر سائبر حملہ سے متعلق وزارت توانائی نے وزارت ائی ٹی سے کوئی رابطہ نہیں کیا وزارت نے وضاحت کردی تھی کہ ٹیکنیکل فالٹ تھا.ٹیلی نار کے حوالے سے نان بائنڈنگ آفر موجود ہے،وزارت آئی ٹی ان تمام معاملات کو دیکھ رہی ہے،صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے ساتھ ہی کمپنی کے ملازمین کے روزگار اور کوالٹی آف سروس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے انٹرنیٹ گورننس کے حوالے سے کہا کہ پاکستان جیسی ترقی پذیر معیشتوں کے لیے انٹرنیٹ کے وسائل کے بارے میں آگاہی تقریب پاکستان، وزارت آئی ٹی اور انٹرنیٹ گورننس پر پالیسی کے کام کے حوالے سے ہمارے مستقبل کے منصوبوں کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ نمبر ریسورس سوسائٹی (NRS) کا ایک غیر منافع بخش تنظیم (NPO) کے طور پر کام کرنا عوامی مفاد میں قابل ستائش ہے۔

اس سے ڈیجیٹل دنیا پر پاکستان جیسے ممالک کے لیے آواز اٹھانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آئی ٹی انڈسٹری اور فری لانسرز کیلئے خوشخبری ہے کہ اب اسٹیٹ بینک نے باقاعدہ سرکلر جاری کردیا ہے جس کے تحت آئی ٹی ہنرمند وں کے بینکنگ سے متعلق مسائل کا خاتمہ ہوجائے گا۔امید ہے کہ تمام کمرشل بینکس اسٹیٹ بینک کے سرکلر کی پابندی کرتے ہوئے آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ افراد کو سہولیات کی فراہمی میں مزید کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ ٹیلی کام سیکٹر کو اس وقت سب سے زیادہ مسائل لیٹر آف کریڈٹ کے حوالے سے ہیں جس کی وجہ سے ان کے ضروری آلات کی امپورٹ میں مشکلات ہیں، نتیجے میں سسٹم کی اپ گریڈیشن اور نئے ٹاورز کی تنصیب کے منصوبوں کے تعطل کا خدشہ ہے۔ اس ضمن میں ہم نے وزیر خزانہ سے بات کی ہے 50 فیصد ایل سیز کی اجازت تو ہے امید ہے جلد ہی باقی مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔

ریکوڈک معاہدے کے تحت بلوچستان کو 3 ملین ڈالر کی پہلی ادائیگی کردی گئی

کوئٹہ(سی ایم لنکس)بیرک گولڈ نے ریکوڈک معاہدے کے تحت بلوچستان کو تین ملین ڈالر کی پہلی ادائیگی کردی۔تفصیلات کے مطابق ریکوڈک منصوبے کے معاہدے کے تحت بلوچستان کو پہلی ادائیگی کردی گئی، بیرک گولڈ کی جانب سے تین ملین ڈالر کا چیک بلوچستان حکومت کے حوالے کردیا گیا۔ریکوڈک پاکستان کے حکام نے بتایا کہ بیرک گولڈ کارپوریشن نے ریکوڈک منصوبے کی نئی شراکت داری کے فریم ورک کے تحت بلوچستان کی صوبائی حکومت کو پہلی ادائیگی کردی ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ حتمی معاہدوں پردستخط اورقانونی تقاضیپورے ہوئے، جس کے بعد بیرک اور حکومتِ بلوچستان نے صوبے کیلئے مختص فنڈزکی ادائیگی کے ٹائم ٹیبل پررضامندی ظاہرکی۔ریکوڈک پاکستان کے کنٹری مینیجرعلی رند نے سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز ڈیویلپمنٹ ڈپیارٹمنٹ بلوچستان سیدل خان لونی کوچیک پیش کیا۔سال 2028 میں ریکوڈک میں باقاعدہ کان کْنی کا آغاز متوقع ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
71051

ڈیجیٹل مردم شماری کا یکم فروری سے ملک بھر میں آغاز کیا جا رہا ہے، یہ پاکستانی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی۔ صوبا ئی وزیر بلدیات سردار فیصل امین گنڈاپور

Posted on

ڈیجیٹل مردم شماری کا یکم فروری سے ملک بھر میں آغاز کیا جا رہا ہے، یہ پاکستانی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی۔ صوبا ئی وزیر بلدیات سردار فیصل امین گنڈاپور

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور نے پشاور میں عوامی آگہی واک کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس میں شرکت کرنے والے شہریوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جس طرح انکی اپیل پر سخت سردی اور بارش کے باوجود سرکاری ملازمین اور شہریوں نے واک میں قومی جذبے کے ساتھ شرکت کی ویسے ہی نئے ملی جوش و خروش سے وہ مردم شماری کا پورا عمل کامیابی سے مکمل کرنے میں سرکاری عملہ سے پورا تعاون کریں گے۔ ساتویں مردم شماری اور اس مقصد کیلئے انکی اپیل پر پشاور میں منعقدہ گرینڈ آگہی واک کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں سردار فیصل امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اس بامقصد واک کی بدولت نہ صرف مردم شماری پر زبردست عوامی شعور بیدار ہوگا بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ لوگ ملک کی اس ساتویں اور پہلی اہم ترین ڈیجیٹل مردم شماری کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں محکمہ شماریات و بلدیات کے عملے سے پورا تعاون کریں گے اور انہیں درست ترین معلومات بہم پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ساتویں مردم شماری کاعنقریب یکم فروری سے ملک بھر میں آغاز کیا جا رہا ہے، یہ پاکستانی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی۔ صوبائی حکومت کی واضح ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا میں محکمہ بلدیات و انتخابات تمام مراحل میں سنسس ڈویژن اور پاکستان بیورو آف اسٹیٹیسٹکس کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس سلسلے میں اُنہوں نے لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں ساتویں مردم شماری کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کا حوالہ بھی دیا جو پشاور کے ساتھ ساتھ ضم اضلاع سمیت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئیں اور صوبائی حکومت نے اس ضمن میں بھی پورا تعاون کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی اس پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت محکمہ شماریات اور صوبائی حکومت کے اہلکار فیلڈ پر جاکر شہریوں کا مکمل ڈیٹا آن لائن نظام کے تحت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر ٹرینرز کی تربیت 23 دِسمبر تک مکمل ہوئی جس کے بعد 7جنوری سے 23جنوری تک انومریٹرزاپنا کام شروع کریں گے جس کے بعد اگلے مرحلے پر فروری میں مردم شماری کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔

اُنہوں نے کہا کہ مردم شماری ایک اہم قومی فریضہ ہے جس پر ملک کے مستقبل کی منصوبہ بندی، تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کا دارومدار ہو تا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کی بہترین منصوبہ بندی کے لئے نئی مُردم شماری کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ اِسلئے خیبر پختونخوا کی ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پولیس حُکام سمیت پوری سرکاری مشینری محکمہ شماریات کے عملہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔اُنہوں نے عُلمائے کرام اور دیگر صاحب ِرائے طبقوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اِس سلسلے میں عوامی شعور اُجاگر کریں تاکہ یہ قومی فریضہ اور اس کے تمام مراحل پوری خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام پائیں۔ سردار فیصل امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ مردم شماری پر پاکستان کے آئندہ کئی عشروں کی منصوبہ بندی، تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کا انحصار ہے اسلئے زندہ قومیں ایسے مواقع پر مشنری جذبے کا مظاہرہ کرتی ہیں اور یہی توقع ہم اپنے باشعور اور محب وطن پاکستانی عوام سے بھی رکھنے میں حق بجانب ہیں۔ صوبائی سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی سید ظہیر الاسلام شاہ نے بھی اس موقع پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ ساتویں قومی مردم شماری میں محکمہ بلدیات وفاقی محکمہ شماریات سے نہ صرف بھرپور تعاون کرے گا بلکہ انکی ضرورت، رہنمائی اور ہدایات کے مطابق محکمہ شماریات کے افسران و اہلکاروں کے شانہ بشانہ فیلڈ میں بھی رہے گا۔ انہوں نے صوبائی محکمہ بلدیات و انتخابات کے تمام اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں سنسس ڈویژن اور دفتر شماریات کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

ساتویں قومی مردم شماری پر پشاور میں عوامی آگہی واک نکالی گئی، سرکاری ملازمین کے علاؤہ علماء، وکلاء سمیت شہریوں کی بھی شرکت

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) پشاور میں ساتویں قومی مردم شماری کی اہمیت پر عوامی شعور بیدار کرنے کی غرض سے گرینڈ عوامی آگہی واک ہوئی جس کا اہتمام سنسس ڈویژن اسلام آباد اور دفتر شماریات پشاور نے صوبائی محکمہ بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی کے تعاون سے کیا تھا۔ واک کا آغاز دفتر شماریات سٹیٹ لائف بلڈنگ سے ہوا اور فخر عالم روڈ، گرین شادی ہال، سٹیٹ بینک بلڈنگ اور کینٹ ریلوے اسٹیشن سے ہوتا ہوا پریس کلب پشاور پر اختتام پذیر ہوگیا۔ پشاور میں شدید بارش کے باوجود واک میں سرکاری ملازمین کے علاؤہ تاجر و صنعتکار برادری، علماء، وکلاء، طلبہ اور اساتذہ سمیت تمام طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے واک کے دوران ساتویں قومی اور ملک کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی اہمیت پر مبنی پلے کارڈز تھام رکھے تھے۔ انہوں نے مردم شماری کی افادیت پر مختلف نعرے بھی لگائے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شماریات شوکت علی، سنسس کمشنر اختر اور سیکرٹری کوآرڈینیشن و الیکشن محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا ساجد گل نے واک کے اختتام پر شرکاء سے خطاب میں حالیہ مردم شماری کی اہمیت و افادیت واضح کرنے کے علاؤہ ان پر زور دیا کہ وہ اگلے مرحلے میں اپنے حلقہ اثر کے لوگوں کو مردم شماری کا عمل کامیابی سے مکمل کرنے اور گلی کوچوں میں عوام کے پاس جانے والے عملے سے بھرپور تعاون کرنے کی ترغیب دیں۔ پریس کلب کے صدر ایم ریاض اور موقع پر موجود دیگر صحافی برادری نے بھی واک کے منتظمین اور شرکاء سے ملاقات کی اور انہیں مردم شماری مہم کامیاب بنانے میں میڈیا برادری کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69794

عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ہی ہوں گے، احسن اقبال

Posted on

عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ہی ہوں گے، احسن اقبال

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ہی ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ساتویں ڈیجیٹل آبادی شماری کے لئے ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کے افتتاحی تقریب سے کیا۔رواں سال اپریل میں حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز بشمول وزارت آئی ٹی، نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن این ٹی سی، نادرا، پاکستان بیورو آف شماریات وزات منصوبہ بندی کے زیر سایہ کام کر رہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پارلیمنٹ اگست 2023 میں اپنی مدت پوری کرے گی اور اگلے عام انتخابات اس مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے بلوچستان اور سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہیں اور دونوں صوبوں کو بحالی کی لئے مزید 6 سے 8 ماہ لگیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپریل یا مئی میں نئی مردم شماری مکمل ہونے کے بعد ہی نئے انتخابات اکتوبر میں ہو سکتے ہیں اور پھر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نئے اعداد و شمار کی بنیاد پر نئی حد بندیوں کے لیے مزید چار ماہ درکار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈیجیٹل مردم شماری کے لئے 34 ارب روپے خرچ کئے ہیں اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے پاس آبادی اور اس کی تقسیم کے بارے میں درست ڈیٹا ہونا ضروری ہے۔گزشتہ مردم شماری کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ مردم شماری (1981-1998) میں آبادی میں اضافہ کی شرح 2.6 فیصد تھی اور (1998-2017) میں، آبادی میں اضافے کی شرح 2.4 فیصد تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے تازہ مردم شماری کرانا وقت کی اشد ضرورت ہے جس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ اگر ترقی کی رفتار یہی رہی تو 2050 تک پاکستان کی آبادی 340 ملین تک پہنچ جائے گی۔وفاقی وزیر نے محدود وقت کے باوجود ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل کو تیز کرنے پر ادارہ شماریات کی کوششوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل مردم شماری اپریل 2023 میں مکمل ہو جائے گی

قابل تجدید توانائی کے 51 منصوبوں سے قومی گرڈ میں اب تک 2634 میگاواٹ اضافے کے نتیجے میں اضافی بجلی کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے،نیپرا

اسلام آباد(سی ایم لنکس) قابل تجدید توانائی کے 51 منصوبوں سے قومی گرڈ میں اب تک 2634 میگاواٹ اضافے کے نتیجے میں اضافی بجلی کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے۔نیپرا ذرائع کے مطابق ملک بھر میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو موثر طور پر فروغ دیا جا رہا ہے اور سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، حکومتی پالیسی کے تحت نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کے ذریعے ان منصوبوں کو انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز کی شکل میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گھریلو، تجارتی اور صنعتی شعبوں میں صارفین کی سطح پر شمسی توانائی کی ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، قابل تجدید توانائی منصوبوں کی تیز رفتار ترقی کے لیے کئی دیگر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے ارشد شریف قتل کا از خود نوٹس لے لیا

اسلام آباد( چترال ٹایمز رپورٹ) چیف جسٹس آف پاکستان نے سینئر صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل کے معاملے کا از خود نوٹس لے لیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ارشد شریف کے قتل کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری انفارمیشن، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایف آئی اے کو آج ہی طلب کرلیا ہے۔ کیس کو آج ساڑھے بجے سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ ارشد شریف قتل کیس میں ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ ارشد شریف کے کینیا میں قتل کے واقعے کے بعد سے سپریم کورٹ کا انسانی حقوق سیل معاملے کی تحقیقات کر رہا تھا۔سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں صحافیوں اور عوام میں ارشد شریف کے قتل پر شدید تشویش اور غم و غصہ تھا۔ ملک بھر کے عوام کی جانب سے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68871