The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 26 April 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل کمپلیکسز کے قیام کے نئے منصوبوں کیلئے زمین کی خریداری ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل کمپلیکسز کے قیام کے نئے منصوبوں کیلئے زمین کی خریداری ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل کمپلیکسز کے قیام کے نئے منصوبوں کیلئے زمین کی خریداری ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نئے کمپلیکسزکے قیام سے عوام کو خدمات ان کے گھر کی دہلیز پر ملیں گی۔وزیراعلیٰ نے صوبائی پاور ٹرانسمشن لائن کے قیام پر بھی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبے کی اپنی ٹرانسمشن لائن سے صنعتوں اور عوام کو سستے نرخوں پر بجلی کی فراہمی ممکن ہو گی۔اُنہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کو ترقی دے کر ہی بےروزگاری کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

پیر کے روز محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کی کوئی گنجائش موجود نہیں ، ہمارا مقصد منصوبوں کے ثمرات براہ راست اور بلاتاخیر عوام تک پہنچانا ہے ۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اکرام اﷲ خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میںبریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 میںمجموعی طور پر 2186 اسکیمیں شامل ہیں جن کے لیے 520 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 1577 اسکیموں کے لیے 215 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ 73 ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح ضم اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 6.6 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ضم اضلاع کے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت 50 ارب روپے مختص ہیں جبکہ 19.4 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں ۔ تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کی مد میں وفاقی حکومت نے رواں سال پیسے جاری نہیں کیے گئے تاہم صوبائی حکومت نے 19.4 ارب روپے اپنے ہی صوبائی فنڈز سے جاری کئے ہیں۔ شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک 470 ترقیاتی منصوبے مکمل کر لیے جائیں گے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
115262