The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 29 April 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

ڈاکٹر سردار عالم میموریل اسکالر شپ کے تحت ہونہار طالبہ حافظہ قرآن خوش بخت اقبال کو اسکالر شپ سے نوازاگیا

ڈاکٹر سردار عالم میموریل اسکالر شپ کے تحت ہونہار طالبہ حافظہ قرآن خوش بخت اقبال کو اسکالر شپ سے نوازاگیا

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال سنگور سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ خوش بخت اقبال، جو کہ حافظہ قرآن بھی ہیں، کو آج اسکالر شپ کی تیسری قسط روز کے دفتر میں ادا کر دی گئی۔ خوش بخت اقبال نے اوپن میرٹ پر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ میں داخلہ لیا ہے۔ یہ اسکالر شپ ان کے تعلیمی سفر میں ایک قیمتی سہارا ہے، جس کے تحت ساڑھے 7 لاکھ سے زائد کی رقم مختلف اقساط میں فراہم کیے جائیں گے، جن میں داخلہ اور ہاسٹل فیس بھی شامل ہے۔

یہ اسکالر شپ ڈاکٹر سردار عالم مرحوم کی یاد میں ان کے فرزندان ڈاکٹر خالد، ڈاکٹر جواد اور خاندان کے دیگر افراد نے قائم کی ہے تاکہ ان کے والد گرامی کی تعلیم کے میدان میں خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔

آج کی اس تقریب کے مہمانانِ خصوصی پرائیڈ آف چترال کے خلیل احمد اور عالم انٹرپرائزز کے سی ای او فخر عالم تھے، جنہوں نے خوش بخت اقبال کی کامیابی کو سراہا اور کہا کہ یہ اسکالر شپ چترال کے طلبہ کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے۔

چیئرمین ROSE-CHITRAL ہدایت اللہ نے اس موقع پر ڈاکٹر سردار عالم مرحوم کے اہلِ خانہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ROSE-CHITRAL پر اعتماد کرتے ہوئے یہ نیک مشن اس کے حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل دراصل صدقۂ جاریہ ہے، جو نہ صرف مرحوم کے لیے باعثِ ثواب ہوگا بلکہ کئی نسلوں کے مستقبل کو سنوارے گا۔

مہمانانِ گرامی نے اپنے خطاب میں اپیل کی کہ چترال کے مخیر حضرات بھی ڈاکٹر سردار عالم کے خاندان کی پیروی کریں اور ROSE-CHITRAL کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ایسے ہونہار مگر مستحق طلبہ کا ہاتھ تھامیں تاکہ کوئی بچہ محض مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور نہ ہو۔

تعلیم بانٹنا دراصل روشنی بانٹنا ہے، اور یہ روشنی ہمیشہ قائم رہتی ہے۔

نوٹ: اس اسکالرشپ کی پہلی قسط اکتوبر 2024 میں 50 ہزار روپے ہاسٹل فیس کی مد میں جبکہ دوسری قسط فروری 2025 میں ہاسٹل فیس اور سمسٹر فیس کی مد میں 1 لاکھ 25 ہزار روپے ادا کردئیے گئے ہیں۔ اس لیے اسکالرشپ نمبر کے ساتھ 3 قسط نمبر کو ظاہر کر رہی ہے۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
114000