Chitraltimes Banner

چترال میں ٹیلی نارکی ناقص سروس سے متعلق عوامی شکایات پر فوری نوٹس، متعلقہ حکام طلب ، فالٹ فوری دور کرنیکی یقین دہانی

چترال میں ٹیلی نارکی ناقص سروس سے متعلق عوامی شکایات پر فوری نوٹس، متعلقہ حکام طلب ، فالٹ فوری دور کرنیکی یقین دہانی

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) لوئر چترال میں ٹیلی نار موبائل اور انٹرنیٹ سروس سے متعلق عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لوئر چترال عبدالسلام کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ٹیلی نار کمپنی کے ذمہ داروں کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران ضلع لوئر چترال کے مختلف علاقوں میں موبائل کالز اور انٹرنیٹ سروس کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ٹیلی نار حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ عوام کو درپیش مواصلاتی مسائل کو فوری، مؤثر اور پائیدار بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بلا تعطل اور معیاری سروس میسر آ سکے۔

ٹیلی نار کے متعلقہ حکام نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں کا دورہ کریں گی اور کسی بھی قسم کے تکنیکی فالٹس کو فوری طور پر دور کیا جائے گا، تاکہ عوام کو بہتر، مستحکم اور قابلِ اعتماد مواصلاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل لائحہ عمل جلد از جلد تیار کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیلی نار سمیت دیگر سروس فراہم کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے باقاعدگی سے ہفتہ وار ریویو اجلاس منعقد کیے جائیں گے، تاکہ سروس کے معیار میں بہتری اور مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
117943