چترال شہر سمیت اپر اور لوئیر چترال میں بار ش کے بعد برف باری جاری، فلحال لواری ٹنل سے ٹریفک جاری
چترال شہر سمیت اپر اور لوئیر چترال میں بار ش کے بعد برف باری جاری، فلحال لواری ٹنل سے ٹریفک جاری
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال کے طو ل و عرض میں گزشتہ رات سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اپرچترال کے مستوج، یارخون ویلی، لاسپور، تورکہو ، موڑکہو، بونی سمیت لوئیر چترال کے گوبور، کریم آباد، گرم چشمہ ، کالاش ویلی اور شیشی کوہ سمیت مختلف علاقوں میں برفباری ہورہی ہے ، جہاں دو انچ سے چھ انچ تک برف باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اسی طرح لواری ٹنل اپروچ روڈ اور گردونواح میں بھی برفباری ہو رہی ہے اور اب تک 7 انچ تک برف پڑچکی ہے، تاحال ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
ضلعی انتطامیہ اور پولیس کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق لواری ٹنل اپروچ روڈ پر خطرناک موڑ اور زیادہ اترائی/چڑھائی کی وجہ سے پھسلن اور ممکنہ حادثات سے بچنے کیلئے ڈرائیورز اور عوام الناس کو ہدایات کی گئی ہے کہ غیرضروری سفرخاص کر علی الصبح اور رات کے وقت سفرسےگریزکریں. ڈرائیور حضرات اپنے ساتھ سنو چین ضرور رکھ لیں تاکہ ٹنل اپروچ روڈ پرغیر ضروری پریشانی اور تاخیر سے بچ سکیں۔برفباری یا دھند کے دوران ہیڈلائٹ لوبیم، مخصوص فوگ لائٹس روشن رکھ کر اور گاڑی کے ڈبل اشارے آن رکھ کر گاڑی چلائیں. گاڑی کی رفتار مخصوص حد کے اندر رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان ذیادہ فاصلہ رکھیں. سفر سے پہلے گاڑی کےلائٹس اور وائیپر وغیرہ چیک کر لیں۔ سفر کے دوران اپنے پاس گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء ضرور رکھیں تا کہ بوقت ضرورت کام آئے۔
