چترال شہر اور مضافات میں گزشتہ چار دنوں سے جاری برفباری کے بعد موسم صاف
چترال شہر اور مضافات میں گزشتہ چار دنوں سے جاری برفباری کے بعد موسم صاف
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال شہر سمیت اپر اور لوئیر چترال میں چار روز تک وقفے وقفے سے برفباری جاری رہنے کے بعد آج موسم صاف ہوگیا، گزشتہ چار دنوں کی برفباری سے چترال میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ، چار دن کے بعد آج کاروباری مراکز کھل گئے، چترال کے میدانی علاقوں میں کم از کم ۸ انچ جبکہ بالائی علاقوں میں دوفٹ سے زیادہ برف پڑی ہے۔ گولین اور مدک لشٹ ویلی میں ڈھائی فٹ تک برف پڑچکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ لوئیر اور اپر کی طرف سے سڑکوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔ چترال کی سڑکوں پر برف زیادہ ہونے اور پھسلن کے باعث ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہے۔ لواری ٹنل اپروچ روڈ چترال سائیڈ پر 35انچ تک برف پڑچکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ لوئیر چترال کے زیر انتظام لواری اپروچ روڈ پرسے برف ہٹانے کا کام مسلسل جاری ہے، جس کے باعث ٹنل سے ٹریفک بیغیر کسی تعطل کے سینو چین کے ساتھ جاری ہے۔ اسی طرح اپرچترال میں بھی سڑکوں کی صفائی کا کام جاری ہے، بونی مستوج روڈ بونی پل کےقریب لینڈ سلائڈنگ کے باعث گزشتہ دنوں سے ٹریفک کے لئے بند ہے۔ تاہم آج ڈرائیور یونین نے اپنی مددآپ کے تحت ہلکی ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے،اسی طرح پیسکو اہلکاروں نے چترال اور مضافات میں تقریبا نوے فیصد آبادی کو بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے۔








