پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ
اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ) ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا جس کا اطلاق فی الفور ہوگا۔ وفاقی وزیر خرانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیموں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35، 35 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت 18، 18 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔پٹرول کی قیمت بڑھا کر 249.89 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 262.80 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت 189.83 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 187 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔وفاقی وزیر خرانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 روپے سے زائد اضافے کی قیاس آرائی کی جارہی تھی تاہم حکومت نے کوشش کی ہے کہ عوام پر کم از کم بوجھ منتقل کیا جائے۔
پیٹرول پر لیوی 50 روپے فی لیٹر برقرار
اسلام آباد(سی ایم لنکس)پیٹرول پر لیوی 50 روپے فی لیٹر برقرار جبکہ ڈیزل پر فی لیٹر لیوی 5 روپے بڑھا دی گئی ہے۔ذرائع پیٹرولیم ڈویڑن کے مطابق ڈیزل پر لیوی 40 روپے فی لیٹر ہو گئی، مٹی کے تیل پر لیوی 5 روپے 90 پیسے کم کر دی گئی ہے، مٹی کے تیل پر لیوی 32 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 236 روپے 40 پیسے کے اوسط ڈالر ایکسچینج ریٹ پر کیا گیا ہے، ڈالر اوسط ایکسچینج ریٹ 16 جنوری سے 27 جنوری تک لیا گیا ہے۔