The Voice of Chitral since 2004
Monday, 22 June 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

پیر – خاطرات :امیرجان حقانی

پیر – خاطرات :امیرجان حقانی

میں نے  پیر صاحب سے اجازت چاہی، پیر صاحب کا کہنا تھا “کچھ دن مزید رکو، اگر چالیس دن نہیں رک سکتے تو”. خانقاہ کا ماحول ایسا پرنور تھا کہ چالیس دن کیا چالیس سال رہنے کی بھی کشش موجود تھی لیکن گھریلوی مجبوریاں اور پروفیشنل ذمہ داریوں کی وجہ سے مزید ٹھہرنے کی گنجائش موجود نہیں تھی.
دو دن کے بعد پھر اجازت چاہا. واپسی سے دو دن پہلے پیر صاحب کے حجرہ میں گیا تھا. وہاں ایک نوجوان پڑھا لکھا مرید بھی پیر صاحب سے اجازت لینے کے لئے موجود تھے. پیر صاحب نے ان کو کچھ عنایت کیا. اتنے میں پیر صاحب نے ان سے کہا. ان واسکٹ میں سے جو پسند آئے لیتے جاو. شاید اس نے پیر صاحب سے ڈیمانڈ کیا ہوا تھا. وہ واسکٹ پیر صاحب کے استعمال شدہ تھے. بالکل نئے لگ رہے تھے.
میں نے بھی ڈرتے ہوئے ایک واسکٹ لینے کی اجازت چاہی. پیر صاحب نے انتہائی سادگی سے کہا : “ایک نہیں جتنے چاہیے اٹھا لیں “. میں نے خاموشی سے ایک واسکٹ اٹھا لیا.
اگلے دن پیر صاحب کے درس قرآن کے بعد اجازت چاہی اور ساتھ ہمت کرکے کہا، حضرت جن قلموں سے تفسیر لکھ رہے ہو ان میں ایک دو عنایت کیجئے گا.پیر صاحب نے اجازت دے دی لیکن پھر تھوڑی دیر بعد بلاوا آگیا. حجرہ کے پاس پہنچا تو کیا دیکھتا ہوں پیر صاحب اپنے ایک پنجابی مرید کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں روغن زیتون کی ایک بوتل تھما رہے اور ساتھ ارشاد بھی کررہے ہیں. پابندی سے استعمال کریں. تم پرہیزی کھانا کھاتے ہو جو شاید یہاں خانقاہ میں نہ ملتا ہو.
انہیں رخصت کیا اور میرا ہاتھ پکڑ کر، اپنے حجرہ کے دروازے تک لے گئے، دفعتاً جیب سے کچھ پیسے(جو کئی ہزار تھے) نکالے اور مجھے تھما دیے. پیر صاحب نے، ساتھ کھڑے خادم کو اشارہ کیا. انہوں نے ایک سفید جوڑا مجھے تھما دیا. پھر پیر صاحب نے کہا. آپ لکھاری ہو. آپ کو قلم بھجوا رہا ہوں اور کتابیں بھی.
میں انتہائی حیران کھڑا تھا. یہ کیسا پیر ہے جو عنایت ہی عنایت کرتا ہے. جو نذرانے لینے کی نہیں دینے کی کوشش کررہا ہے. مجھ ایک کو نہیں، بہت ساروں کو دے رہا ہے. بہت ساروں نے پیر صاحب سے وصولی کے قصے سنائے تھے. ایک خلیفہ مجاز نے تو یہاں تک کہا کہ بھائی ہم تو انتظار میں رہتے ہیں کہ حضرت کچھ عنایت کریں.
خیر تھوڑی دیر میں ایک اور خادم خاص(سیف اللہ) آیا اور کئی قلم، کچھ نئے اور کچھ استعمال شدہ تھے، پکڑا دیے اور ساتھ کہا کہ حضرت نے اپنی پوری کتابوں کا سیٹ تمہیں تحفہ دینے کا حکم دیا ہے. کچھ کتابیں دستیاب نہیں، ان کا بعد میں انتظام کرتا ہوں جو دستیاب ہیں وہ لیتے جائے گا صبح.
بہر حال اگلی صبح کتابوں کا توڑا لیتے ہوئے روانہ ہوا. آج تک پیر صاحب کو یاد کررہا ہوں. اور ہدایات لے رہا ہوں. اور یہ پیر صاحب مصروفیت کا بہانہ نہیں بناتے ، بلکہ میرے لمبے لمبے واٹس ایپ مسیجز کا جواب بھی دیتے ہیں اور تزکیہ کا اگلا سبق بھی عنایت کرتے ہیں.
بلاشبہ
اس صدی میں ایسے پیر کا ہونا غنیمت ہی ہے.
اور ہاں پیر صاحب کا علم بھی مسلم ہے اور نسبت بھی. قرآن سے خصوصی دلچسپی ہے. انتہائی سلیس انداز میں عام فہم تفسیر لکھ رہے ہیں. بعض مقامات پر انتہائی عالمانہ بحثیں بھی کی ہیں. ایک آیت کی تفسیر تو تشریح کئی صفحات پر مبنی ہے. مجھے دو جلدیں حرف بہ حرف پڑھنے کا موقع ملا ہے.
آج ایک پیر کی کہانی سنی جو اپنے مرید سے دو روپیہ کے سکے وصول کررہا تھا، مرید پیر کو بتا رہا تھا کہ 200 کا مقروض ہوں. پیر صاحب نے دو سکے قبول لیے اور مرید کا قرضہ 202 ہوا. پیر نے ان کے لیے دعا کی، پیر صاحب علامہ اقبال کے مہمان تھے. اقبال دعا میں شریک نہیں ہوئے بلکہ حقہ پیتے رہے. جب یہ کہانی پڑھی تو اپنے پیر یاد آئے.
پھر دل نے گواہی دی. ٹھیک جگہ پر جا پہنچا ہوں. پیر ہو تو ایسا ہو.
(سید مختارالدین شاہ صاحب مدظلہ)
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستان, مضامینTagged
69381

پیر کی شام سے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، ہائی الرٹ جاری۔پی ڈی ایم اے

اسلام آباد ( چترال ٹائمز رپورٹ ) محکمہ موسمیات کے مطا بق 20 ستمبر پیر کی شام/رات سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی اور 25 ستمبر تک ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارش کا باعث بنیں گی۔

20 ستمبر پیر کی شام/رات سے 24 ستمبر جمعہ کے دوران :کشمیر ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، اٹک ، چکوال ، جہلم ، گجرات ، منڈی بہاؤالدین ،سیالکوٹ ، نارووال ، گوجرانوالہ ، حافظ آباد ، لاہور ، اوکاڑہ، فیصل آباد ، سر گودھا، میا نوالی، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، دیر، چترال، پشاور،کوہاٹ ،وزیرستان، گلگت بلتستان(غذر، استور، دیامیر، اسکردو، گلگت، ہنزہ ،نگر، گانچی اورخرمنگ) میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی۔ اس دوران چند مقامات پرموسلادھار بارش کا بھی امکان ہے


23 ستمبر جمعرات شام /رات سے 25 ستمبر ہفتہ کے دوران: ٹانک ،کرک، بنوں،ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی پنجاب (بھکر،لیہ، ساہیوال، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، خانپور، خا نیوال، ملتان) ، مشرقی بلوچستان (کوہلو، لورالائی ، بارکھان، ژوب، مو سی خیل، کو ئٹہ ، ز یا رت ، قلات) اور صوبہ سندھ (کراچی ، حیدرآباد ، میرپور خاص ، تھر پارکر ، عمر کوٹ ، سانگھڑ ، ٹھٹھہ ، بدین ، دادو ، شہید بینظیرآباد ، سکھر ، لاڑکانہ) میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع۔ اس دوران چند مقامات پرموسلادھار بارش کا بھی امکان ہے جس کے باعث حالیہ شدید حبس اور گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ جبکہ آندھی کے باعث نقصانات کا بھی خدشہ ہے ۔


دریں اثنا پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوانےضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کومراسلہ جاری کر دیا ہے ۔
کوہستان ، شانگلہ ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد ، ہری پور ، مردان ، چارسدہ ، نوشہرہ ، دیر ، چترال ، پشاور ، کوہاٹ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ۔


‎ تیزبارشوں کے پیش نظرضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنےاورالرٹ رہنے کی ہدایات گئی ہے۔
بارشوں کا سلسلہ ہفتہ کے روزتک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے


‎سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اورموسمی صورت حال سے باخبر رہے۔ ‎۔پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے۔۔عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ھیلپ لائن 1700 پر دیں۔

pdma
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
52601