خیبرپختونخوا میں محکمہ ترقی و منصوبہ بندی میں اپنی نوعیت کا پہلا موسمیاتی تبدیلی سیل قائم
خیبرپختونخوا میں محکمہ ترقی و منصوبہ بندی میں اپنی نوعیت کا پہلا موسمیاتی تبدیلی سیل قائم
پشاور (چترال تائمز رپورٹ) موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کا ایک تاریخی اقدام، خیبر پختونخوا کی حکومت نے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی میں ایک الگ مخصوص موسمیاتی تبدیلی سیل قائم کیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سیل صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا سیل ہے اور اس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔ افتتاحی تقریب میں جرمن سفارت خانے کے ترقیاتی معاونت کے سربراہ ڈاکٹر سبسچین پاسٹ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد زبیر اصغر قریشی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری خیبرپختونخوا محمد اصغر قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ شراکت داری پاکستان اور جرمنی کے درمیان موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انھوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سیل کا قیام ایک اہم اقدام ہے کیونکہ ہم سال 2010 اور 2022 کے سیلاب میں موسمیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں کو دیکھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی آئی زی کی ساتھ ہماری طویل وابستگی ہے جس نے ہمیشہ حکومت خیبرپختونخوا کی معاونت کی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سیل ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے اثرات سے نمٹنے کے قابل بنائے گا۔ جرمن نمائندے نے اس موقع پرکہا کہ جی آئی زی جرمن حکومت کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں اثرات سے نمٹنے کے لئے اقدامات میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس کے نقصانات سے بچنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔ جرمنی ایسے چیلنجز سے نمٹنے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
یو این پاپولیشن فنڈز کے تعاون سے خیبر پختونخوا میں جاری منصوبوں کے حوالے سے ششماہی جائزہ اجلاس
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) اقوامِ متحدہ کے ادارے برائے پاپولیشن فنڈ کے تعاون سے خیبرپختونخوا کے مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کا جائزہ، نظر ثانی اور منصوبہ بندی اجلاس پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے ادارے برائے پاپولیشن فنڈز کی جانب سے کنٹری ہیڈ لوئے شبنیح اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے جبکہ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے سیکرٹری ریلیف عبد الباسط،سیکرٹری پاپولیشن ویلفئیر اصغر علی، ڈپٹی سیکرٹری سوشل ویلفیئر سمیت دیگر حکام شریک ہوئے. اجلاس میں یو این ایف پی اے کے تعاون کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیشرفت کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یو این ایف پی اے کے تعاون سے محکمے کی آٹھ سرگرمیوں پر کام جاری ہے جس پر لاگت کا کل تخمینہ دس ملین سے زیادہ ہے۔ اجلاس میں صحت، سماجی بہبود اور دیگر شعبوں میں غیر سرکاری اداروں کے زیر اہتمام جاری مختلف منصوبوں سے متعلق لاگت تخمینہ، درپیش چیلنجز اور مسائل کا جائزہ بھی لیا گیا. یو این ایف پی اے کے حکام نے پیشرفت کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں مزید بہتری اور بروقت تکمیل کو ممکن بنانے کی اہمیت پر زور دیا. یو این ایف پی اے کے جاری منصوبوں اور طریقہ کار سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کا کہنا تھا کہ پچاس کے قریب اداروں کے ساتھ ملکر کام ہورہا ہے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے منصوبوں پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔